اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قرارداد کی منظوری پاکستان کا ادعا
اسلام آباد ۔ 4 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج دعویٰ کیا کہ ہندوستان مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا میں الگ تھلگ ہوکر رہ گیا ہے جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے حال ہی میں حق خوداختیاری کی تائید کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی ہے۔ کمیٹی نے گذشتہ ماہ متفقہ طور پر پاکستان زیرسرپرستی مسودہ قرارداد کو جس کے معاون سرپرستوں میں 75 ممالک شامل تھے، ایک قرارداد منظور کردی جس کے بموجب حق خوداختیاری کا حق عوام کو حاصل ہے بشرطیکہ وہ سامراجی حکومت اور غیرملکی قبضہ کے تحت زندگی گذار رہے ہوں۔ یہ اس حقیقت کی گواہی ہے کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر ہندوستان الگ تھلگ ہو کر رہ گیا ہے۔ دفترخارجہ پاکستان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ قرارداد جو گذشتہ 40 سال سے ہر سال منظور کی جاتی ہے، نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ جس کے بموجب ہندوستان پوری دنیا کو اس بات کا قائل کرنے سے قاصر رہا ہے کہ وہ حق پر ہے اور اس نے حقائق کو مسخ کرتے ہوئے اسے ایک انسانیت سوز جرم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کوششیں بھی ناکام ہوچکی ہیں۔ ہندوستان کیلئے بین الاقوامی تنہائی کو جو مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں ہندوستان کو درپیش ہے، واحد راستہ یہ ہیکہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل آوری کرے اور اقوام متحدہ کی زیرنگرانی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات منعقد کرے۔ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کیلئے انتخاب کا موقع دے۔