ہندوستان قطعی 11کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہنوز ناکام:بیدی

نئی دہلی ۔5فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) ورلڈ کپ کے آغاز میں اب جب کہ صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں لیکن دفاعی چمپئن ہندوستانی ٹیم اپنے قطعی 11کھلاڑیوں کے انتخاب میںہنوز کامیاب نہیں ہوپائی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ٹیم کے لیجنڈ اسپنر بشن سنگھ بیدی نے کیا ہے ۔ بیدی نے مزید کہا ہے کہ زخمی کھلاڑیوں روہت شرما ‘ بھونیشور کمار ‘ رویندر جڈیجہ اور ایشانت شرما کا 7فبروری کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے وارم اپ مقابلے سے قبل امتحان ہوگا ۔ حالانکہ ٹیم گذشتہ ڈھائی ماہ سے آسٹریلیا میں موجود ہے لیکن ٹیم انتظامیہ ورلڈ کپ کیلئے قطعی 11کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہنوز ناکام ہے ۔ بیدی نے تنقیدی انداز میں کہا ہے کہ ٹیم ڈھائی ماہ سے آسٹریلیا میں موجود ہے لیکن انتظامیہ 6یا 7 اُن کھلاڑیوں کی نشاندہی نہیں کرپایا ہے جو ورلڈ کپ میں ٹیم کا قطعی حصہ ہوں گے نیزآسٹریلیا کے دورہ پر ہر مقابلے میں کھلاڑیوں کی تبدیلی میں بھی ورلڈ کپ کیلئے قطعی ٹیم کی تیاری کو نقصان پہنچایا ہے ۔ اہم کھلاڑیوں کے زخمی ہونے اور فارم میں نہ ہونے سے بھی ٹیم کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی فٹنس کیلئے بھی کافی تاخیر کردی گئی ہے جیسا کہ وارم اپ مقابلے سے عین قبل ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی فٹنس کا امتحان لیا جائے گا جو کہ ٹیم کو نقصان پہنچا سکتا ہے ۔