حیدرآباد ، 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خواتین نے فیڈ کپ (گروپ ۔ II) ایشیا۔ اوشیانیا ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں آج یہاں عمدگی سے رسائی حاصل کرلی جبکہ ترکمینستان کے مقابل 2-0 سے یکطرفہ فتح درج کرائی گئی۔ ہندوستان کی انکیتا رائنا اور پرارتھنا جی تھومبارے نے اپنے متعلقہ ترکمینستانی حریفوں کو دو سنگلز میچز میں ہرایا جو آج یہاں لال بہادر اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ پرارتھنا نے جبانا بیرامووا کو 6-0، 6-2 سے شکست دی جس میں انھیں اپنی حریف سے کوئی خاص مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا۔ انکیتا نے جو موجودہ طور پر ملک کی ابھرتی کھلاڑیوں میں سے ہیں، انستافیا پرینکو کو 6-1، 6-2 سے دوسرے سنگلز میچ میں شکست دی جس کے ساتھ میزبانوں کی خطابی راؤنڈ میں رسائی ہوگئی۔ یہ دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کیلئے آسانی معاملہ رہا جبکہ وہ ٹورنمنٹ میں بدستور ناقابل شکست رہیں۔ ہندوستان توقع ہے کل فائنلس میں انڈونیشیا کے خلاف کھیلے گا۔