ہندوستان فیبا ایشیا مقابلوں کے کوارٹرز میں داخل

چانگشا (چین) ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی سینئر مینس باسکٹ بال ٹیم آج فلپائن کے مقابل اپنی ناکامی سے قطع نظر یہاں جاری 28 ویں فیبا ایشیا چمپئن شپ کے کوارٹر فائنلس کیلئے کوالیفائی ہوگئی۔ ہندوستان کو فلپائن نے 99-65 سے واضح شکست دی، لیکن ہندوستانیوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں اپنا مقام گزشتہ تین مقابلوں میں دو کامیابیوں کی اساس پر حاصل کرلیا، جو 2003ء کے بعد سے پہلی مرتبہ ہوا ہے۔ جہاں ہندوستان اور فلسطین نے 2-3 کے یکساں گروپ ریکارڈ پر اختتام کیا، وہیں ہندوستانی ٹیم نے اپنے واحد باہمی مقابلے میں جیت درج کرائی اور اب پول F کے ٹاپر کا سامنا کریں گے، جس کا فیصلہ چین۔ قطر مقابلے کے فاتح کے ساتھ ہوجائے گا۔
لودھا کمیشن میں ٹھاکر، شکلا کا حلفیہ بیان
نئی دہلی ، 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی سکریٹری انوراگ ٹھاکر اور آئی پی ایل چیرمین راجیو شکلا نے آج سپریم کورٹ کے مقررہ جسٹس (ریٹائرڈ) آر ایم لودھا کمیشن کے روبرو حلفیہ بیان دیتے ہوئے ان ممکنہ اصلاحات کے بارے میں بتایا جو بورڈ کی طرف سے انجام دیئے جانے کی توقع ہے جب اس رپورٹ کا دوسرا حصہ جاری کیا جائے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ بی سی سی آئی کے دونوں سینئر عہدے داروں کی سہ رکنی پیانل کے روبرو ’’ثمرآور حاضری‘‘ ہوئی۔ یہ پیانل جسٹس (ریٹائرڈ) لودھا، جسٹس (ریٹائرڈ) اشوک بھان اور جسٹس (ریٹائرڈ) آر وی رویندرن پر مشتمل ہے۔ بورڈ میں اصلاحات پر ممکنہ سفارشات پر صبح میں ٹھاکر اور دوپہر میں شکلا نے کمیٹی کے روبرو حلفیہ بیان دیا۔