ہندوستان عالمی ٹیم رینکنگ میں پھر نمبر 2 پر پہونچ گیا

دوبئی 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان ایک بار پھر آئی سی سی ونڈے ٹیم رینکنگ میں اول مقام سے پچھڑ گئی ہے اور اب اسے نیوزی لینڈ کے خلاف مابقی دو ونڈے میچس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے یہ مقام دوبارہ حاصل کرنا ہوگا ۔ اب آسٹریلیائی ٹیم ونڈے میں عالمی سطح پر نمبر ایک ہوگئی ہے کیونکہ اس نے آج انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ونڈے میں پانچ رنوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز 4 – 1 سے جیت لی ہے ۔ ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی دو ونڈے میچس میں شکست کے بعد اول مقام سے محروم ہونا پڑا تھا تاہم آسٹریلیا کے چوتھے ونڈے میں انگلینڈ کے خلاف شکست کھاجانے کے بعد یہ مقام دوبارہ ہندوستان کو حاصل ہوگیا تھا ۔ ہندوستان نے کیوی ٹیم کے خلاف تیسرا ونڈے ڈرا کیا تھا اور اب آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے ایسے میں ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم اس مقام سے محروم ہوگئی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ہندوستان 2 – 0 سے پیچھے ہے اور اسے ایک بار پھر عالمی سطح پر نمبر ایک رینکنگ حاصل کرنے کیلئے آئندہ دونوں ہی میچس میں کامیابی حاصل کرنی ہوگی ۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کی شروعات عالمی نمبر دو رینکنگ کے ساتھ شروع کی تھی لیکن چار میچس میں کامیابی اور ہندوستان کی دو میچس میں شکست کی وجہ سے اسے عالمی سطح پر نمبر ایک مقام حاصل ہوگیا ہے ۔ ہندوستان دو میچس جیت جاتا ہے تو اسے دوبارہ نمبر ایک رینکنگ مل جائے گی ۔

اسپانش فٹبال لیگ ‘ میڈریڈ کی کامیابی ‘ سر فہرست ہونے کا امکان
میڈریڈ 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) رئیل میڈریڈ نے اسپانش فٹبال لیگ لا لیگا میں گرانیڈا کے خلاف 2 – 0 سے کامیابی حاصل کرلی ہے اور اسے اب فٹبال لیگ کے ٹیبل میں سر فہرست پہونچنے کا موقع دستیاب ہے ۔ اس میچ میں رئیل میڈریڈ کیلئے کرسٹیانو رونالڈو اور کریم بینزیما نے ایک ایک گول کیا جبکہ مخالف ٹیم کوئی گول نہیںکرسکی ۔ کرسٹیانو رونالڈو نے 57 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے گول کیا تھا ۔ یہ جاریہ سیزن میں ان کا 31 واں گول رہا ۔ ایک گول کی سبقت کے ساتھ رئیل میڈریڈ کے حوصلے بلند ہوگئے تھے جبکہ کھیل کے اختتام سے 12 منٹ قبل کریم بینزیما نے ایک اور گول کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی کو تقریبا یقینی بنادیا تھا ۔ اس کامیابی کے ساتھ پوائنٹس کے اعتبار سے رئیل میڈریڈ کی ٹیم بارسیلونا اور اٹلیٹیکو میڈریڈ سے آگے بڑھ گئی ہے ۔ ٹیم کے سربراہ کارلو انسیلیٹو نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے تاہم کہا کہ آگے بھی ٹیم کو اچھی کارکردگی دکھانی ہوگی کیونکہ آئندہ ہونے والے میچس آسان نہیں ہونگے اور سخت ہوسکتے ہیں۔