ہندوستان عالمی اعزاز کا دفاع نہیں کر پائے گا : بریٹ لی

ملبورن ۔ 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر بریٹ لی نے کہاہے کہ 2015 کے ورلڈ کپ میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو اپنے اعزاز کے دفاع میں مشکلات کا سامناکرنا پڑسکتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ میں کامیابی کے لئے فاسٹ بولرز کو اپنی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا تاہم وہ یہ سمجھتے ہیں ٹیم کو ایسے فاسٹ بولرز کی تلاش کرنا ایک چیلنج کی طرح ہوگا جو 140 کلو میٹر کی رفتار سے بولنگ کرسکیں۔ لی نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستانی ٹیم کے پاس بہترین بیٹسمین اور بہترین اسپنر ہیں لیکن اسے ورلڈ کپ کے لئے فاسٹ بولرز کی بہترین دستہ کو ٹیم میں شامل کرناہوگا۔ سابق فاسٹ بولر نے کہاکہ اگر اس ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا اور ہندوستان کی ٹیمیں پہنچتی ہیں تو یہ ایک انتہائی شاندار میچ ہوگااور وہ بھی اپنی ٹیم کا تعاون کرنے کے لئے میدان میں ضرور جائیں گے۔ اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اس اہم ایونٹ کے لئے کھلاڑیوں کو سخت محنت کرنی ہوگی اور اپنے کھیل میں بہتری لانی ہوگی۔ لی نے کہاکہ انہیں پوری امید ہے کہ اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیائی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی امیدوں پر پورا اترے گی۔واضح رہے 2015ء ورلڈ کپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مشترکہ طور پر منعقد کیا جارہا ہے۔