ملبورن۔25ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا میں بھلے ہی مشکل حالات سے گذر رہی ہے لیکن آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ سمجھتے ہیں کہ اگر رواں 4مقابلوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو کہیں کامیابی مل سکتی ہے تو وہ ملبورن کرکٹ گراؤنڈ ہی ہے جہاں کل تیسرے ٹسٹ کا آغاز ہورہا ہے ۔ چار ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو 0-2کا خسارہ ہے حالانکہ اڈیلیڈ میں منعقدہ پہلے مقابلے میں مہمان ٹیم نے کافی بہترین مظاہرہ کیا تھا اور کامیابی کے قریب آکر اسے شکست برداشت کرنی پڑی تھی لیکن برسبین کے میدان گبّا میں اسے میزبان ٹیم نے بہ آسانی شکست دی ۔ ای ایس پی این کرک انفو کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پونٹنگ نے کہا کہ اگر ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا میں کہیں کامیابی حاصل کرسکتی ہے تو وہ ملبورن ہے کیونکہ یہاں کے حالات اور وکٹ مہمان کھلاڑیوں کے مزاج کے مطابق ہے ۔ پونٹنگ کے بموجب ملبورن میں ہندوستانی ٹیم کیلئے وکٹ سازگار ہونے کے باوجود کامیابی کیلئے آسٹریلیائی ٹیم ہی پسندیدہ ہے ۔ کیونکہ اگر آسٹریلیائی ٹیم اپنے معیار کے مطابق مظاہرہ کرپاتی ہے تو پھر اندرون پانچ دن وہ کامیابی بھی حاصل کرلے گی ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی کی دفاعی حکمت عملی پر تنقید کی جاتی ہے جس کے ضمن میںپونٹنگ کا کہنا ہے کہ گذشتہ مقابلہ میں دھونی کی طرز رسائی جارحانہ رہی اور انہوں نے فیلڈنگ کی سجاوٹ بھی کچھ اس طرح کی تھی جو جارحانہ حکمت عملی کا مظہر تھا ۔