دبئی 18 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) اہم غذائی شائع چاول کی قیمت میں بشمول ہندوستانی باسمتی چاول سعودی عرب میں 20 فیصد اضافہ ہوگیا کیونکہ ہندوستان کی جانب سے چاول کی سربراہی میں کمی کردی گئی۔ذرائع ابلاغ کی ایک خبر کے بموجب باسمتی چاول کی مختلف اقسام چلر فروشوں کے پاس بمشکل دستیاب ہورہی ہے ۔ حالانکہ قیمت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ روزنامہ عرب نیوز کی خبر کے بموجب اندرون ایک ماہ قیمت میں 20 فیصد اضافہ ہوگیا ہے اور زبردست طلب کی بناء پر اس کی قیمت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔سعودی عرب میں چاول درآمد کرنے والے سب سے بڑے تاجر محمد علی شالان نے جو غذائی طمانیت کمیٹی ریاض چیمبر آف کامرس کے رکن بھی ہیں قیمتوں میں اضافہ کا الزام لاگت میں اضافہ اور ہندوستان سے طلب کے مطابق سربراہی نہ کرنے کے عناصر کو قرار دیا ۔
جہادی گروپ نے مصر میں سیاحوں کی بس پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی
قاہرہ 18 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) جہاد ی گروپ انصار بیت المقدس نے آج دعوی کیا کہ مصر میں سیاحوں کی ایک بس پر خود کش بم حملہ اسی تنظیم نے کیا تھا جس میں جنوبی کوریا کے تین شہری اور مقامی ڈرائیور ہلاک ہوگئے تھے ۔ اتوار کے دن یہ بم حملہ سرحدی چوراہا تابا کے قریب کیا گیا تھا جو اسرائیل کی سرحد سے متصل ہے ۔ اس حملہ میں پہلی بار سیاحوں کو حملہ کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ فوج نے اسلام پسند صدر محمد مرسی کو گذشتہ جولائی میں اقتدار سے بے دخل کردیا ہے جس کی بناء پر عسکریت پسندوں نے پولیس اور فوج کے ملازمین کو ہلاک کرنے کی ایک مہم شروع کردی ہے ۔ انصار بیت المقدس کے مجاہدین نے سیاحوں کی بس پر اُس وقت حملہ کیا تھا جب وہ صیہونی مملکت اسرائیل کی سمت پیشرفت کررہی تھی۔ اس سلسلہ میں گروپ کا ایک بیان جہادی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا تھا۔