ہندوستان سے منتیں نہیں کریں گے:احسان مانی

دبئی۔15نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے کہا ہے کہ کرکٹ کھیلنے کیلئے ہندوستان کی منتیں نہیں کرینگے ۔ ہندوستان میں عام انتخابات تک باہمی سیریز کے حوالے سے کسی پیشرفت کی امید نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرفراز احمد ورلڈکپ تک کپتان رہیں گے ۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،ملتان سلطان کی فرنچائز کیلئے کئی لوگوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسان مانی نے کہا کہ ہندوستان سے کرکٹ کے معاملات پر بات چیت جاری ہے تاہم ہم کسی سے کرکٹ کھیلنے کیلئے منتیں نہیں کرینگے ۔ ہندوستان میں عام انتخابات تک اس کے ساتھ سیریز پر کوئی پیشرفت کی امید نہیں۔ میں کرکٹ بورڈ کو احتساب کی طرف لے کر جاؤں گا۔ پی سی بی میں تبدیلیاں آئیں گی لیکن وقت لگے گا،تسلی کرکے تبدیلیاں کروں گا جلد بازی نہیں کروں گا۔محسن خان کو کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنانے سے متعلق احسان مانی نے کہا کہ محسن خان بہترین کرکٹر اور عمدہ تجربہ رکھتے ہیں اس لئے انہیں کرکٹ کمیٹی کا چیئرمین بنایا گیا ہے جبکہ مکی آرتھر سے بھی بات ہوچکی ہے، ان کو محسن خان کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں،کرکٹ کمیٹی کے 4 لوگوں نے 907 انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ کمیٹی مشاورتی کمیٹی ہے جو مسائل بورڈ کی جانب سے اٹھائے جائیں گے کمیٹی ان پر مشورہ دے گی جب کہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی نے نہیں،سلیکشن کمیٹی نے کرنا ہے۔ احسان مانی نے کہا کہ پی ایس ایل الگ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ پی سی بی کا حصہ نہیں ، ملتان سلطان کی فرنچائز کیلئے کئی لوگوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔