لاہور۔10 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ میں کبھی کامران اکمل کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنا، بلکہ ٹیم کا انتخاب سب کی مشاورت سے ہوتا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس میں کپتان نے ایشیا کپ کے لیے ٹیم کی تیاریوں کے حوالے سے کہا کہ ہماری تیاری مکمل ہے اور ایونٹ میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایشیا کپ بڑا ایونٹ ہے ساری ٹاپ ٹیمیں کھیل رہی ہیں، تاہم بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر وہ ایونٹ کے دوران زخمی ہوئے تو متحدہ عرب امارات میں موجود پاکستان اے ٹیم کے وکٹ کیپر ان کے متبادل ہوں گے، تاہم ابھی کسی دوسرے وکٹ کیپر کی ضرورت نہیں ہے۔متحدہ عرب امارات کی وکٹوں کے حوالے سے سرفراز احمد نے واضح کیا کہ یہاں تمام ٹیمیں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیں گی، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنے اسپینرز کو مؤثر بنانے کی کوشش کریں گے۔ہندوستان کے خلاف میچ کا تذکرہ کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ وہ روایتی حریف ہندوستان کے خلاف میچ میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گیایشیا کپ رواں ماہ 15 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا جہاں پاکستان اور ہندوستان ایک ہی گروپ میں موجود ہیں اور 19 ستمبر کو مدمقابل ہوں گے۔