ہندوستان سے سیریز،انگلش ٹیم میں اسٹوکس کی واپسی

لندن ۔30 جون (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان3ٹوئنٹی 20 اور3 ونڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنی 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق انگلش ٹیم کے اعلان کردہ 14 رکنی اسکواڈ میں آل رائونڈر بین اسٹوکس کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو پاکستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹسٹ کے بعد عضلات میں جکڑن کا شکار ہوگئے تھے اور انہیں سیم بلنگنز کی جگہ ٹیم میں شامل کیا جائے گا اور ممکنہ طور پر وہ ہندوستان کے خلاف تیسرے ٹی20 میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ہندوستان سے سیریز کیلئے 14رکنی انگلش ٹیم میں اسٹوکس کی ٹیم میں واپسی پر کوچ پال فاربریس نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بین اسٹوکس ایک ایسا آل رائونڈر ہے جو زبردست بیٹنگ، بولنگ کے علاوہ اچھی فیلڈنگ بھی کرسکتا ہے اور اسے جنتی جلدی ٹیم میں شامل کرلیا جائے اتنا ہی ٹیم کے لیے اچھا ثابت ہوگا تاہم اس کے واپس آنے سے ٹیم کا بیٹنگ شعبہ ضرور تبدیل ہوگا جو ٹیم انتظامیہ کے لیے درد سر ہے۔ہندوستان کے خلاف انگلینڈ کی معلنہ14 رکنی ٹیم میں کپتان ایان مورگن، جیسن روئے، جونی بیئر اسٹو، جوس بٹلر، معین علی، الیکس ہیلز، جو روٹ، جیک بال، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، لیام پلنکٹ، ٹام کرین، عادل راشد اور مارک ووڈ کے نام شامل ہیں۔واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم 3 جولائی کو شروع ہونے والے اپنے دورہ انگلینڈ کے پہلے مرحلے میں 3ٹی 20کھیلے گی پھر 3 ون ڈے اور آخری مرحلے میں 5 ٹسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔