رانچی 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سیریز کے 4 مقابلوں میں شاندار مظاہروں کے ذریعہ مہمان سری لنکائی ٹیم کو چاروں شانے چت کرنے کے بعد کل یہاں کھیلے جانے والے سیریز کے پانچویں اور آخری مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم مہمان کا مکمل صفایا کرنے کی خواہاں ہے۔ سیریز پر پہلے ہی قبضہ بناچکی ہندوستانی ٹیم ویراٹ کوہلی کی قیادت میں سری لنکا کو 5-0 سے شکست دینے کے لئے تیار ہے اور اِس کی کوشش ہے کہ اب جبکہ ورلڈکپ میں 100 دن سے بھی کم کا وقت بچا ہے تو وہ اپنے اعتماد کو مزید مستحکم کرے۔ سیریز کے تین مقابلوں میں ہندوستانی ٹیم نے جہاں پیشہ وارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا وہیں ایڈن گارڈن میں منعقدہ چوتھے ونڈے میں تاریخ بنی جیسا کہ روہت شرما نے اس مقابلہ میں 264 رنز کا ریکارڈ مظاہرہ کیا اور سری لنکا کو 153 رنز سے شکست دی ہے۔ دوسری جانب سری لنکائی کپتان انجیلیو میتھیوز نے اعتراف کیا ہے کہ رواں سیریز کے دوران کسی بھی شعبہ میں ہمارے مظاہرے معیاری نہیں رہے
اور سیریز کے دوران ہم ہندوستان کو مسابقتی کھیل دینے میں ناکام رہے۔ سری لنکائی فاسٹ بولر لستھ ملنگا کی عدم موجودگی میں مہمان ٹیم کا بولنگ شعبہ ناکام رہا تو بیاٹنگ میں بھی کوئی خاطر خواہ مظاہرے دیکھنے کو نہیں ملے۔ سیریز میں سری لنکائی کھلاڑیوں کی فیلڈنگ بھی ناقص رہی جیسا کہ گزشتہ مقابلہ میں روہت شرما کا اُس وقت کیچ چھوڑا گیا تھا جب وہ صرف 4 رنز بنا پائے تھے۔ تہسارا پریرا جنھیں سری لنکائی ٹیم کا ایک بہترین آل راؤنڈر تصور کیا جاتا ہے اُنھوں نے روہت شرما کا کیچ چھوڑ کر انھیں عالمی ریکارڈ بنانے کا موقع فراہم کیا۔ ابتدائی تین مقابلوں میں شکھر دھون نے شاندار مظاہرہ کیا لیکن سیریز کے مابقی دو مقابلوں میں بائیں ہاتھ کے اوپنر کو آرام دیتے ہوئے اِن کے مقام پر زخموں سے صحت یاب ہونے والے روہت شرما کو موقع دیا گیا تھا جنھوں نے واپسی پر اپنے کرئیر کی دوسری ڈبل سنچری اسکور کی۔ روہت شرما نے اپنی اننگز کا محتاط آغاز کیا تھا جیسا کہ انھوں نے اپنی سنچری 100 گیندوں میں مکمل کرنے کے بعد اگلی 73 گیندوں میں 164 رنز اسکور کئے۔ اِس شاندار اننگز کے بعد جے ایس سی اے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلہ میں سری لنکائی ٹیم کے حالات بدلتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹاپ آرڈر کے بیٹسمنوں نے رواں سیریز میں بہترین فارم حاصل کرلیا ہے
سوائے اوپنر اجنکیا راہنے کے جو سنچری اسکور نہیں کرپائے ہیں۔ ویراٹ کوہلی کے علاوہ امبتی رائیڈو نے بھی سنچری اسکور کرلی ہے۔ بولنگ شعبہ میں اومیش یادو نے ورلڈکپ سے قبل اپنی لائن اور لینتھ کو بہتر بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ جیسا کہ فاسٹ بولر نے سیریز میں تاحال 10 وکٹیں حاصل کرلی ہیں جبکہ نوجوان اسپنر اکشے پٹیل نے 4 مقابلوں میں 9 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے رویندر جڈیجہ کے لئے حالات مشکل کردیئے ہیں۔ آخری مقابلہ میں ونئے کمار اور کیدر جئے دیو کی شمولیت کا فیصلہ بھی اہم ہوسکتا ہے۔ سری لنکائی ٹیم سیریز کے اختتام سے قبل اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے پہلی کامیابی کے لئے کوشاں ہوگی۔ سری لنکائی ٹیم کے لئے بولنگ شعبہ کے ناقص مظاہرے تشویش کا باعث ہیں کیونکہ ایڈن گارڈنس میں منعقدہ گزشتہ مقابلہ کے آخری 18 اوورس میں ٹیم نے 233 رنز دیئے ہیں۔ کل کھیلے جانے والے مقابلہ کیلئے استعمال کی جانے والی وکٹ کے متعلق کیوریٹر کا کہنا ہے کہ اِس وکٹ پر اُچھال کے علاوہ بعد میں اسپنرس کے لئے سازگار حالات ہوں گے۔