ہندوستان ریاض میں کثیر مصنوعاتی کیٹلاگ شو کا میزبان

ریاض۔ 4؍مئی (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کے زیر اہتمام ہندوستانی تجارتی و صنعتی شعبوں کی کمپنیوں کا ایک کیٹلاگ کثیر مصنوعاتی شو منعقد ہوگا جس میں سعودی تاجروں کے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کی وضاحت پیش کی جائے گی۔ ایک روزہ نمائش 7 مئی کو منعقد ہوگی اور یہ پہلا تجارتی واقعہ ہوگا جس کا اہتمام ہندوستانی سفارت خانہ برائے سعودی عرب کی جانب سے سعودی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لئے منعقد کیا جارہا ہے جس سے انھیں سرمایہ کاری کے منفرد روابط تلاش کرنے، ہندوستان میں مشترکہ وینچرس قائم کرنے اور ہندوستان کے تجارتی اور صنعتی شعبوں میں کاروبار کرنے کا منفرد موقع حاصل ہوگا۔

سفارت خانہ کے ترجمان سریندر بھگت نے کہا کہ نمائش میں کئی کیٹلاگس، سی ڈیز اور دیگر تشہیری مواد تجارت اور صنعت کے شعبوں کی مختلف ہندوستانی کمپنیوں جیسے زرعی اجناس، غذائی مصنوعات، آٹوموٹیز، کیمیکلس، تعمیراتی، اطلاعاتی ٹکنالوجی اور الکٹرانکس کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی اشیاء کی نمائش کی جائے گی۔ کئی ہندوستانی کمپنیوں کے کیٹلاگس اور سی ڈیز کی نمائش کی جائے گی اور مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ اس نمائش کا نام ’’انڈیا کیٹکس‘‘ رکھا گیا ہے اور یہ ہندوستانی سفارت خانہ اور المجمع چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کا مشترکہ وینچر ہے۔ سعودی۔ ہند معاشی تعلقات میں نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ باہمی تجارت گزشتہ پانچ سال میں تین گنا ہوچکی ہے۔ سعودی عرب ہندوستان کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں کی باہمی تجارت 2012-13ء میں 43 ارب 78 کروڑ امریکی ڈالر مالیتی تھی

جو اپریل سے نومبر 2013ء کے دوران 32 ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر ہوچکی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے خام تیل باہمی تجارت کا سب سے بڑا عنصر ہے۔ ہندوستان سعودی عرب کے خام تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ اس کی ضروریات کی پانچواں حصہ سعودی عرب تکمیل کرتا ہے۔ جاریہ سال کے دوران سعودی عرب ہندوستانی برآمدات کا دنیا میں چھٹواں سب سے بڑا بازار بن چکا ہے۔ یہ ہندوستان کی عالمی برآمدات کا 4.08 فیصد سے زیادہ حصہ خریدتا ہے۔ اس کے برعکس سعودی عرب ہندوستان کی عالمی درآمدات کا 8.05 فیصد فراہم کرتا ہے۔