نئی دہلی 20 اپریل (پی ٹی آئی) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے آج کہاکہ جج لویا کو ہندوستان کبھی بھول نہیں پائے گا اور لاکھوں ہندوستانی ان کی مشتبہ موت کے بارے میں سچائی دیکھیں گے۔ عدالت عظمیٰ کی طرف سے لویا کی موت کی تحقیقات کی درخواست مسترد کئے جانے کے ایک دن بعد کانگریس اور دیگر چھ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے چیف جسٹس آف انڈیا کے خلاف تحریک مواخذہ کی نوٹس دیئے جانے کے موقع پر اُنھوں نے یہ ریمارک کیا۔ جج لویا سہراب الدین شیخ مبینہ فرضی انکاؤنٹر مقدمہ کی سماعت کررہے تھے۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر ایک خبر مسلک کی ہے جس میں لویا کے ارکان خاندان نے کہا ہے کہ اب کوئی اُمید نہیں ہے سب کچھ طے شدہ نظر آتا ہے‘‘۔ کانگریس کے صدر نے مزید لکھا کہ ’’ہندوستان، بہرحال جج لویا کو بھولنے کی اجازت نہیں دے گا‘‘۔