ہندوستان بہتر شروعات کے بعد شاندارکامیابی کی سمت

ناٹنگھم ۔21 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)انگلینڈکو دوسری اننگز میں ابتدائی جھٹکے دینے کے بعد ہندوستان تیسرے ٹسٹ میں ایک شاندار کامیابی کی سمت گامزن ہے جیساکہ چوتھے دن لنچ تک انگینڈ 84 رنز پر ہی اپنے 4 کھلاڑی گنوادئے ہیں۔ایشانت نے الیسٹر کک (17) ،جنگس (17) کو آوٹ کیا جس کے بعد بمراہ نے حریف کپتان جوروٹ(13) کے بعد محمد سمیع نے پوپ(16) کی مزاحمتی اننگز کاخاتمہ کردیا۔قبل ازیں ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹسٹ میچ میں کامیابی کے لیے 521 رنز کا مشکل ہدف دیا ۔ناٹنگھم میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن ہندوستان نے 124 رنز دوکھلاڑی آؤٹ سے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کوہلی اور چتیشور پجارا وکٹ پر موجود تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش بولروں کے صبر کا بھرپور امتحان لیا۔کوہلی اورپجارا کے درمیان 113 رنز کی اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب بین اسٹوکس نے ایلسٹر کک کی مدد سے پجارا کو پویلین واپسی پر مجبور کردیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 72رنز بنائے۔کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور کیریئر کی 23ویں سنچری مکمل کی، وہ 103 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ ریشبھ پنت کی اننگز بھی صرف ایک رن تک محدود رہی۔ہردک پانڈیا نے عمدہ بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 52 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52رنز کی اننگز کھیلی۔ہندوستان نے 352 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا اور انگلینڈ کو میچ میں فتح کے لیے 521 رنز کا مشکل ہدف دیا۔