اڈیلیڈ۔5 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) کپتان ویراٹ کوہلی نے کہاہے کہ ہندستان غیر ملکی دورے میں اپنی سست شروعات کے لیے تنقید کا نشانہ بنتارہاہے لیکن موجودہ آسٹریلیادورے میں وہ اس شبیہ کو پوری طرح سے بدلنا چاہتے ہیں ۔ہندستانی کپتان نے جمعرات کو شروع ہورہے اڈ یلیڈ ٹسٹ سے قبل یہاں پریس کانفرنس میں کہا،ہندستان کی شروعات غیر ملکی دورے میں سست رہی ہے ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے حالیہ دوروں میں بھی ایسا ہی ہواتھا لیکن ہماری کوشش موجودہ دورے میں آسٹریلیاکے ماحول کے مطابق خود کو جلد ازجلد ڈھال کر یہاں اچھی شروعات کرنے کی ہوگی ۔ انہوں نے کہا،ہم یہاں ہلکی پھلکی شروعات کے بارے میں نہیں سوچ رہے ہیں ۔ ہم سبھی کھلاڑی یہاں مثبت شروعات کرنا چاہتے ہیں اور اپنا کھیل کھل کر دکھانا چاہتے ہیں ۔ہم یہاں اپنا اے گیم کھیلنا چاہتے ہیں اور وہ بھی پہلے ہی میچ اور پہلے ہی دن سے جس سے آگے کی سیریز میں بھی ہمیں مددملے گی۔ کوہلی نے کہاکہ ٹیم حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کا انتظار نہیں کرسکتے‘ہم اس میں وقت نہیں برباد کرسکتے کہ یہاں کی پچ کیسی ہے ۔ ہمیں ابتداسے اسے سمجھ کر اپنے کھیل میں تبدیلی لانی ہوگی ۔