ابوظہبی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ایک وقت تھا جب ہندوستانی کھلاڑی گیند کو روکنے کیلئے چھلانگ نہیں لگاتے تھے لیکن آج ہندوستانی ٹیم بہترین کھلاڑیوں کا خیمہ بن چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اپنے دور کے انتہائی چست اور بہترین فیلڈر تصور کئے جانے والے جنوبی افریقی سابق کھلاڑی اور ممبئی انڈینس ٹیم کے فیلڈنگ کوچ جانٹی رہوڈس نے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا کہ ایشیائی کھلاڑی گیند کو روکنے کیلئے زمین پر کودنے یا گرنے سے خوفزدہ ہوتے تھے لیکن آج ہندوستان کے علاوہ پاکستان اور
سری لنکا میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو بے خوف کود کر گیند کو روکتے ہیں اور اس طرح کی شاندار فیلڈنگ کے ذریعہ انہوں نے فیلڈنگ کو ایک نئے معیار پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب بہترین فیلڈروں کا تعلق جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا تک محدود نہیں رہا بلکہ شاندار فیلڈنگ کرکٹ کا ایک حصہ بن چکی ہے۔ آئی پی ایل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ٹورنمنٹ میں کئی شاندار اور سنسنی خیز کیچس پکڑے گئے جو نہ صرف بیرونی کھلاڑیوں کا کارنامہ ہے بلکہ ہندوستان کے گھریلو کھلاڑیوں نے بھی شاندار فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا ہے جس سے مجھے کافی خوشی ہوئی ہے۔ یاد رہے جانٹی رہوڈس اپنے وقت کے ایک انتہائی شاندار فیلڈر تصور کئے جاتے تھے۔