ہیملٹن /21 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) پہلے ونڈے میں شکست کے بعد عالمی چیمپئین اور نمبر ایک ٹیم ہندوستان کل یہاں ہیملٹن کے سیڈن پارک میں منعقد شدنی دوسرے مقابلے میں اپنی بیٹنگ کی خامیوں پر قابو پانے کا خواہاں ہوگا تاکہ سیریز میں واپسی کرسکے ۔ نیپر میں منعقدہ پہلے ونڈے میں جہاں ہندوستانی ٹیم 293 رنز کا تعاقب کر رہی تھی تو وہ ایک موقع پر کامیابی کیلئے صحیح سمت آسانی سے گامزن تھی لیکن مڈل آرڈر کی اچانک ناکامی نے عالمی درجہ بندی میں 8 ویں مقام پر موجود نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو کامیابی کا موقع فراہم کردیا ۔
نشانہ کے تعاقب میں پھر ایک مرتبہ ویراٹ کوہلی نے شاندار سنچری کے ذریعہ کلیدی مظاہرہ کیا لیکن سریش رائینا کے ہمراہ اوپنرس شکھر دھون اور روہت شرما کے ناقص مظاہرے تشویش کا باعث ہیں ۔ دھون اور روہت کی جوڑی جنوبی افریقہ کے دورہ کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی امیدوں کے مطابق ٹیم کو شروعات فراہم کرنے میں ناکام ہے جبکہ مڈل آرڈر میں رائینا کی ناکامی مسائل میں اضافہ کر رہی ہے ۔ ہندوستانی بولنگ شعبہ کو بھی اپنے مظاہروں کے معیار کو بلند کرنا ہوگا
کیونکہ ابتدائی مقابلے میں گرفت مضبوط بنانے کے مواقع دستیاب ہونے کے باوجود مہمان بولروں نے حریف ٹیم کو ایک بڑا اسکور بنانے کا موقع دیا ۔ بیرونی وکٹوں پر فاسٹ بولر ایشانت شرما اور اسپینر روی چندرن اشون مسلسل ناکام ہو رہے ہیں اور دوسرے ونڈے میں ان کی شمولیت ہوتی ہے یا نہیں انتظامیہ کا یہ فیصلہ دلچسپی کا موضوع ہے ۔ کل سیڈن پارک میں کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں ٹیم انتظامیہ ویراٹ کوہلی سے ایک اور بہتر اننگز اور دیگر بیٹسمینوں کے مظاہروں میں بہتری کی امید کر رہا ہے ۔
ہندوستانی ٹیم کا پھر ایک مرتبہ انحصار کوہلی پر ہوگا جنہو ںنے 126 مقابلوں میں 18 سنچریاں اسکور کی ہیں اور اس سے کہیں زیادہ اہم یہ اعداد ہیں کہ 46 مرتبہ جب کبھی انہوں نے نصف سنچری یا اس سے زیادہ رنز بنائے تب 32 مرتبہ ہندوستانی ٹیم فاتح بناکر ابھری ہے ۔ علاوہ ازیں ان کی 18 سنچریوں میں 11 سنچریاں ایسی ہیں جب انہوں نے نشانے کے تعاقب میں ٹیم کو فاتح بنائی ہیں ۔ نیز گذشتہ 2 برسوں کے دوران انہوں نے 9 سنچریاں اسکور کی ہیں ۔دوسری جانب روہت شرما نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف بیرونی ممالک میں اپنے 3 ونڈے مقابلوں میں 18، 19 اور 3 رنز اسکور کئے ہیں
اور دوسری جانب ان کے ساتھی اوپنر دھون نے 12، 0اور 32 رنز اسکور کئے ہیں ۔ انفرادی طور پر ناکام ہونے والی اس جوڑی نے مجموعی طور پر پہلی وکٹ کیلئے 14، 10 اور 15 رنز جوڑے ہیں ۔ دوسری جانب برینڈن مکالم کی ٹیم کیلئے زیادہ مسائل کا سامنا نہیں ہے ۔ کیونکہ اس کے سنسنی خیز 21 سالہ فاسٹ بولر ایڈم ملنے کے زخمی ہوکر ونڈے سیریز سے باہر ہونے کے بعد ان کے مقام پر 26 سالہ میڈیم فاسٹ بولر ہیمیش بینیٹ کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے ۔ جبکہ قطعی 11 کھلاڑیوں میں کائل ملز کی شمولیت کا امکان ہے ۔ ہیملٹن میں گذشتہ 2 دنوں سے مسلسل بارش ہو رہی ہے اور وکٹ کیوریٹر اینڈ ریو براؤن کا ماننا ہے کہ ڈھانپی ہوئی وکٹ میں فاسٹ بولروں کیلئے سازگار ماحول موجود ہے ۔ یہ ہی وہ وکٹ ہے جہاں گذشتہ مقابلے میں ویسٹ انڈیز نے 363/4 رنز بنائے تھے ۔ مقابلے کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 6.30 بجے ہوگا ۔