ہندوستانی اننگز لڑکھڑائی ، 7 وکٹس کھوکر 126 رنز پر پہلی باری کا اختتام
وشاکھاپٹنم۔ 24 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج وشاکھا پٹنم میں کھیلا جارہا ہے۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیم انڈیا کی بلے بازی جاری ہے ، تاہم اس کو پہلا جھٹکا روہت شرما کے طور پر لگ چکا ہے۔ روہت شرما پانچ رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد کپتان کوہلی اور سلامی بلے باز کے ایل راہل نے ٹیم انڈیا کے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔ تاہم 24 رن کے ذاتی اسکور پر کپتان کوہلی بھی آوٹ ہوگئے۔ ٹیم انڈیا کو دوسرا جھٹکا 69 کے مجموعی اسکور پر لگا۔ اس کے بعد جلد ہی ریشبھ پنت کی شکل میں ٹیم انڈیا کو تیسرا جھٹکا بھی لگ گیا۔ پنت صرف تین رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔اس کے بعد جلد ہی ٹیم انڈیا کو چوتھا جھٹکا بھی لگ گیا۔ اچھی فارم میں نظر آرہے کے ایل راہل نصف سنچری بناکر پویلین لوٹ گئے۔ راہل نے 36 گیندوں میں چھ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 50رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کو چوتھا جھٹکا 92 کے مجموعی اسکور پر لگا۔ اس کے بعد صرف ایک رن بناکر دنیش کارتک بھی آوٹ ہوگئے اور پھر جلد ہی کرونال پانڈیا بھی ایک ہی رن بناسکے اور بڑا شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوادی۔وشاکھا پٹنم میں ہورہے اس میچ کو جیت کر ورلڈ کپ کیلئے صحیح ٹیم کی تلاش میں مصروف کپتان کوہلی اپنے دبدبے کو قائم رکھنا چاہیں گے۔ انگلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سے پہلے ٹیم انڈیا کے پاس یہ آخری سیریز ہے۔ اس دوران دو ٹی 20 کے علاوہ پانچ ون ڈے میچ بھی کھیلے جائیں گے۔وہیں دوسری طرف ایرون فنچ کی کپتانی والی آسٹریلیائی ٹیم نے اس فارمیٹ میں ہندوستان کے خلاف تین مہینے پہلے کھیلی تین میچوں کی سیریز کے بعد کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ حالانکہ اس کے کھلاڑی بگ بیش لیگ میں کھیل کر خود کو فارم میں برقرار رکھے ہوئے ہیں۔