مین آف دی میچ مندیپ کی شاندار بیٹنگ
اسپنرس کی متاثرکن بولنگ میں یوزویندرا نمایاں
ماکے (آسٹریلیا)۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اے کے آسٹریلیا میں شاندار مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا اور اس نے آج کھیلے گئے فائنل میں میزبان آسٹریلیا کو 57 رنز سے شکست دیتے ہوئے چار رخی سیریز اپنے نام کرلی۔ ٹاس جیت کر ہندوستان اے کے کپتان منیش پانڈے نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن دوسرے ہی اوور میں کے کے نیر (1) کے آؤٹ ہونے کا نقصان ٹیم کو برداشت کرنا پڑا۔ دوسری جانب دوسرے اوپنر مندیپ سنگھ نے 108 گیندوں میں 95 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے بھی شامل رہے۔ مندیپ نے کپتان پانڈے کے ساتھ تیسری وکٹ کیلئے 87 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جوکہ ہندوستان کو کامیابی دلانے میں بنیادی وجہ ثابت ہوئی۔ اسی دوران 71 گیندوں میں 61 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کے مجموعی اسکور 266/4 تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا۔
مذکورہ کھلاڑیوں کے علاوہ ایس ایئر نے 64 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 41 رنز جبکہ اکشر پٹیل نے ناقابل تسخیر تیز رفتار 22 رنز اسکور کئے جس کے لئے انہوں نے صرف 17 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چھکا اور چوکا مارا۔ آسٹریلیا کے لئے کوئی بھی بولر وکٹیں حاصل کرنے میں زیادہ کامیاب نہ ہوسکا جبکہ چار میزبان بولروں نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ جوابی اننگز میں آسٹریلیائی ٹیم نے بہتر آغاز کیا لیکن یوزویندرا چہل نے درمیانی اوورس میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 34 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کیلئے نشانہ کا تعاقب مشکل کردیا۔ یوزویندرا کے علاوہ کے کے نیر نے 29 رنز کے عوض 2 اور اکشر پٹیل نے 33 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فاسٹ بولر دھول کلکرنی نے سات اوورس میں 22 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میندیپ سنگھ کو ان کی شاندار بولنگ پر مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مذکورہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے کافی شاندار رہے جیسا کہ اس نے آسٹریلیا اے اور جنوبی آفریقہ اے کے علاوہ آسٹریلیائی نیشنل پرفارمنگ اسکواڈ کے خلاف بھی بہترین مظاہرے کرتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا اے کو دونوں مرتبہ شکست دی اور فائنل میں بھی وہ میزبان ٹیم کے خلاف فاتح رہی۔