ہندوستان ایک نشان کی کمی کے بعد گولڈ میڈل سے محروم

نئی دہلی21 جولائی(سیاست ڈاٹ کام)ہندستانی خاتون کمپاؤنڈ ٹیم جرمنی کے برلن میں رواں تیر اندازی ورلڈ کپ مرحلے4 کے فائنل میں فرانس سے صرف ایک نشان سے پیچھے رہ گئی اور اسے سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ہندستانی خاتون ٹیم میں مدھیہ پردیش ریاست تیر اندازی اکیڈمی جبل پور کی باصلاحیت کھلاڑی مسکان کرار، پٹرولیم اسپورٹس پروموشن بورڈ کی جیوتی سریکھا اور ریلوے کی ترشا دیو شامل تھیں اور اسے گولڈ میڈل مقابلے میں فرانس سے228-229 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔فائنل کے پہلے راؤنڈ میں ہندستانی ٹیم نے 59-57 سے برتری بنائی لیکن دوسرے راؤنڈ میں فرانس نے 9-57 سے کامیابی حاصل کر اسکور 116-116 سے برابر کر دیا۔تیسرے راؤنڈ میں ہندستانی ٹیم نے بے حد مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اس راؤنڈ میں وہ 53 کا اسکور ہی کر سکیں جبکہ فرانس کی ٹیم نے 58 کے اسکور کر مقابلے میں 174-169 کی برتری حاصل کرلی۔اس راؤنڈ میں پانچ نشانات کے فاصلے نے ہندستان کے ہاتھ سے یقینی گولڈ میڈل چھین لیا۔ہندستانی ٹیم نے تیسرے راؤنڈ میں پہلے ایرو میں چھ اور تیسرے ایرو میں آٹھ کا اسکور کیا جو اس کے لئے مہلک ثابت ہوا۔