ہندوستان ایشیا کپ کی کامیاب ترین ٹیم

دبئی ۔14ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ایشیا کپ کرکٹ کا آغاز 1984 میں ہوا تھا اور ٹورنمنٹ اب تک 13 مرتبہ کھیلا جاچکا ہے۔ ہندوستان پانچ مرتبہ (ونڈے ) اور ایک مرتبہ ٹوئنٹی 20 فارمیٹ میں چیمپئن بن کر کامیاب ترین ٹیم ہے۔ سری لنکا نے بھی پانچ جبکہ پاکستان نے دو مرتبہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔ ایشیا کپ میں سابق سری لنکن کپتان سنت جے سوریا 1220 رنز کے ساتھ کامیاب ترین بیٹسمین ہیں جبکہ ان کے ہم وطن متھیا مرلی دھرن نے سب سے زیادہ 30 وکٹیں لی ہیں۔ ایشیا کپ کے میچز میں بدترین بولنگ کے منفی ریکارڈ پاکستانی بولروں کے نام ہیں۔ سابق فاسٹ بولر محمد سمیع نے 2004 کے ایونٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف طویل ترین اوور کیا جو 17 گیندوں پر مشتمل تھا اور انہوں نے چار نو اور سات وائڈ گیندیں ڈالی تھی۔