ہندوستان اپنے بہترین مظاہرے سے تین فتوحات پیچھے

ملبورن۔ 24 فبروری(سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین ہندوستانی کرکٹ ٹیم جس نے 2015ء ورلڈ کپ کے آغاز پر پاکستان اور پھر جنوبی آفریقہ جیسی طاقتور ٹیموں کو شکست دے کر ٹورنمنٹ میں کامیاب آغاز کیا ہے نیز گزشتہ ورلڈ کپ اور رواں ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی مسلسل فتوحات کی تعداد 6 ہوچکی ہے، جیسا کہ ورلڈ کپ ٹورنمنٹس میں ہندوستانی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ 2011ء ورلڈ کپ میں گروپ مرحلہ کے آخری مقابلے میں شروع ہوا تھا، جوکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف چینائی میں کھیلا گیا تھا، جس کے بعد کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا، سیمی فائنل میں پاکستان اور فائنل میں سری لنکا کو شکست دینے کے بعد رواں ورلڈ کپ میں پاکستان اور جنوبی آفریقہ کے خلاف فتوحات کی تعداد 6 ہوچکی ہے تاہم ورلڈ کپ میں بہترین مظاہرہ کے ریکارڈ کیلئے دھونی کی ٹیم کو مزید تین فتوحات کی ضرورت ہے۔ 2003ء ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم نے مسلسل 8 فتوحات حاصل کی تھیں، تاہم فائنل میں اسے آسٹریلیا کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کے مظاہرے کافی بہتر ہیں جیسا کہ تاحال کھیلے گئے 69 مقابلوں میں اس نے 41 فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ ایک مقابلہ ٹائی اور ایک مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا ہے۔ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کی فتوحات کا فیصد 61.02 ہے جو پہلے مقام پر فائز آسٹریلیا اور دوسرے مقام پر موجود جنوبی آفریقہ کے بعد تیسرا بہتر مظاہرہ ہے۔گزشتہ چند ورلڈ کپس میں ہندوستانی ٹیم کے مظاہروں میں کافی بہتری آئی ہے۔