ہندوستان آج سبقت کو مستحکم کرنے کا خواہاں

احمدآباد 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) شاندار کامیابی کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنے والی ہندوستانی ٹیم کل یہاں مہمان سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے ونڈے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے سبقت کو مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ افتتاحی مقابلہ میں 169 رنز کی کامیابی حاصل کرنے کے بعد یہاں سردار پٹیل اسٹیڈیم میں منعقد شدنی دوسرے ونڈے میں ہندوستانی ٹیم کو پسندیدہ موقف حاصل رہے گا، یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا کیونکہ سری لنکائی ٹیم بھی سیریز میں واپسی کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف سیریز کا شاندار کامیابی کے ساتھ آغاز کیا ہے نیز ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی دہلی اور دھرم شالہ میں منعقدہ مقابلوں کی فتوحات کے سلسلہ میں بھی میزبان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کردیئے ہیں حالانکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے افتتاحی مقابلہ میں میزبان ٹیم کو حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی جانب سے متنازعہ طور پر دورۂ ہند کو ادھورا چھوڑ کر وطن واپس لوٹ جانے کے بعد سری لنکائی ٹیم کو ہنگامی حالات میں 5 مقابلوں کی سیریز میں مدعو کیا گیا ہے اور اِس سیریز کے افتتاحی مقابلہ میں جوکہ کٹک میں منعقد ہوا تھا، کامیابی کے لئے ہندوستانی کھلاڑیوں نے فتوحات کے سلسلہ کو جاری رکھا تھا۔ گزشتہ مقابلہ میں ہندوستانی اوپنرس اجنکیا راہنے اور شکھر دھون نے پہلی وکٹ کے لئے 231 رنز کے ذریعہ ڈبل سنچری کی پارٹنرشپ نبھائی ہے لیکن سری لنکائی کھلاڑیوں کا فیلڈنگ مظاہرہ ناقص رہا جیسا کہ متعدد مرتبہ کیچس چھوڑے گئے جس کا ہندوستانی ٹیم نے فائدہ اُٹھاتے ہوئے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 363 رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ دوسری جانب سری لنکائی ٹیم کو اِس مقابلہ میں کرو یا مرو صورتحال کا سامنا رہے گا کیونکہ کامیابی کے ذریعہ ہی وہ سیریز میں واپسی کرسکتا ہے کیونکہ ایک اور شکست کا مطلب سیریز کا اِس کے ہاتھ سے نکل جانا ہے۔ سری لنکائی ٹیم کا بولنگ شعبہ فاسٹ بولر لستھ ملنگا اور اسپنر رنگنا ہیراتھ کی عدم موجودگی میں کمزور دکھائی دیتا ہے کیونکہ اِن بولروں نے ہندوستان کا دورہ نہیں کیا ہے۔ بیاٹنگ شعبہ میں تلک رتنے دلشان، کمارا سنگاکارا اور مہیلا جئے وردھنے کافی تجربہ کار ہیں، جن کے ساتھ اوپنر اوپل تھرنگا ، کپتان انجیلیو میتھیوز

اور دوسرے آل راؤنڈر تسہارا پریرا ٹیم کے لئے کامیابی میں کلیدی رول ادا کرسکتے ہیں لیکن گزشتہ مقابلہ میں میتھیوز کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ غلط ثابت ہوا کیونکہ بولروں نے اتنے رنز لٹادیئے کہ بیٹسمنوں کے لئے کامیابی حاصل کرنا مشکل ہوگیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم کے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں تبدیلی کا واضح امکان ہے کیونکہ گزشتہ مقابلہ میں فاسٹ بولر ورون آرون زخمی ہوچکے ہیں۔ اِن کے مقام پر آل راؤنڈر اسٹیورٹ بنّی اور ممبئی کے فاسٹ بولر دھول کلکرنی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اِن دو بولروں میں کس کھلاڑی کا انتخاب عمل میں آتا ہے۔ گزشتہ مقابلہ میں اکشر پٹیل کے خلاف سری لنکائی بیٹسمین جدوجہد کرتے رہے تاہم ٹیم کے مستقل آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کو باہر بٹھاتے ہوئے اِنھیں ایک اور موقع دینے کے متعلق کیا جانے والا فیصلہ بھی توجہ کا مرکز ہے۔