بنگلور ، 16 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) آنے والے ایشین گیمز کیلئے پیش خیمہ کے طور پر ہندوستان اور پاکستان اپنی رقابت کا احیاء میدانِ فٹبال پر کرنے جارہے ہیں جیسا کہ وہ دو دوستانہ میچوں کے منجملہ پہلے میں کل یہاں مدمقابل آئیں گے، جس کے ساتھ نو سالہ وقفے کا خاتمہ ہوجائے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان 2005ء سے اس طرح کی یہ پہلی سیریز رہے گی جب ہندوستان نے تین میچ کے کامپٹیشن کیلئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ دونوں انڈر 23 ٹیموں کے درمیان دوسرا فرینڈلی میچ 20 اگسٹ کو مقرر کیا گیا ہے۔ ہندوستان نے اپنا آخری دوستانہ میچ رواں سال کے اوائل بنگلہ دیش کے خلاف 5 مارچ کو ڈرا کھیلا تھا اب اب کوچ ویم کوورمینس بے تاب ہوں گے کہ پاکستان کے خلاف یہ دونوں مقابلے جیت لئے جائیں جو بنگلور فٹبال اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان سنیل چھیتری نے کہا ہے کہ سخت حریف پاکستان کے خلاف کھیلنا ’ہمیشہ ایک خاص بات‘ ہوا کرتی ہے۔ فٹ بال کی بین الاقوامی گورننگ باڈی فیفا کی 208 ملکوں کی عالمی درجہ بندی میں ہندوستان کا نمبر 150 واں ہے جبکہ پاکستان اُس سے بھی کہیں پیچھے 165 ویں نمبر پر ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان سنیل چھیتری نے امید ظاہر کی کہ اِس مِنی سیریز سے دونوں حریف ملکوں کے درمیان سیاسی ماحول کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ’’اب تک مَیں نے جتنے بھی میچ (پاکستان کے خلاف) کھیلے ہیں، وہ ایک عام میچ سے کہیں بڑھ کر تھے اور دونوں ٹیموں کو اس بات کا علم ہے۔ اُن (پاکستانی کھلاڑیوں) کے لیے بھی یہ ایک خصوصی مقابلہ ہے۔ انڈیا اور پاکستان کا مقابلہ ہمیشہ خصوصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔‘‘