ہندوستان اور ونڈیز کی آج ونڈے سیریز کا آغاز

5 مقابلوں کی سیریز کے لئے کوہلی کی ٹیم کو پسندیدہ موقف
مقابلے کا آغاز شام 6:30 بجے ہوگا

پورٹ آف اسپین۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی میدان سے باہر سابق کوچ انیل کمبلے کے متنازعہ طور پر ٹیم سے علیحدگی کے تنازعہ کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل یہاں میزبان وینڈیز کے خلاف شروع ہونے والی پانچ مقابلوں کی سیریز میں کامیابی کے لیے میدان میں اتریں گے۔ دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ کمبلے کا بحیثیت کوچ سفر دورۂ ویسٹ انڈیز سے ہی شروع ہوا تھا لیکن ایک سال کے اندر حالات ایسے بدلے کہ اب وہ ٹیم کے کوچ نہیں ہیں اور ٹیم بغیر کوچ کے ویسٹ انڈیز کے دورے پر ہے۔ کپتان کوہلی کے انیل کمبلے کے ساتھ اختلافات خبروں میں چھائے رہے اور چمپئنس ٹرافی کے دوران یہ منظر عام پر آگئے جہاں ہندوستانی ٹیم اپنے خطاب کا کامیاب دفاع نہیں کرپائی۔ پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز اور ایک مقابلے کی ٹوئنٹی 20 سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو پسندیدہ موقف حاصل ہے اور یہاں کوہلی کو یہ مکمل اختیار رہے گا کہ وہ بغیر کسی مداخلت کے کھلاڑیوں کا انتخاب کرسکیں گے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز ٹیم پر دبائو رہے گا کیوں کہ وہ افغانستان کے خلاف منعقدہ تین مقابلوں کی ونڈے سیریز کو بہ مشکل 1-1 سے ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔ امید کی جارہی ہے کہ اس سیریز میں ہندوستان کو 5-0 کی کامیابی حاصل ہوگی کیوں کہ ہندوستان کے تین سینئر کھلاڑیوں ویراٹ کوہلی (184)، یووراج سنگھ (301) اور مہندر سنگھ دھونی (291) کا مجموعہ تجربہ 776 مقابلوں کا ہے جبکہ میزبان ٹیم نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ روہت شرما کو آرام دیئے جانے کے بعد اجنکیا رہانے کے لیے یہ سیریز ایک موقع ہوگی۔ جبکہ فاسٹ بولر محمد سمیع کے بھی ایکشن میں آنے کے امکانات روشن ہیں۔ کیوں کہ ان دونوں کھلاڑیوں کو ٹیم میں ہونے کے باوجود چمپئنس ٹرافی میں ٹیم کی نمائندگی کا موقع نہیں ملا تھا۔ نوجوان وکٹ کیپر رشب پر بھی تمام نظریں مرکوز ہوں گی جو کہ آئی پی ایل میں بہترین مظاہرہ کرچکے ہیں۔