مسقط ۔24 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن ہندوستان نے ملائیشیا کے خلاف دونوں ہاف میں موقع گنوائے اور دونوں ٹیموں کے درمیان ہیرو ایشین چمپئنس ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ کا مقابلہ بغیر گول کے ڈرا پر ختم ہوا۔ ہندوستان نے تین فتوحات کے بعد پہلا ڈرا کھیلا جبکہ ملائیشیا کا بھی تین فتوحات کے بعد یہ پہلا ڈرا تھا۔ دونوں ٹیموں کے اب 10 پوائنٹس ہو گئے ہیں۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں داخلہ حاصل کرچکی ہیں۔ہندوستانی ٹیم اس مقابلے میں ملیشیا سے ایشیائی کھیلوں کے سیمی فائنل میں سڈن ڈیتھ میں ملی شکست کا بدلہ نہیں لے سکی ۔ ہندوستان نے دونوں ہاف میں کئی مواقع گنوائیں جو کوچ ہریندر سنگھ کے لیے تشویش کی بات ہو سکتی ہے ۔ میچ میں ایک بھی گول نہ کرنا ٹیم کے لئے اور بھی تشویش کی بات ہے کیونکہ کمزور ٹیموں کے خلاف اس کی کارکردگی اچھی ہے لیکن اچھی ٹیموں کے خلاف وہ گول کرنے میں چوک رہی ہے ۔ یاد رہے اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان کے خلاف 3-1 اور ایشین چمپئین جاپان کے خلاف 9-0 گولس کی کامیابی حاصل کی ہے۔جبکہ اس نے اپنے افتتاحی مقابلے میں عمان کو شکست دیکر ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کیا ہے۔