ہندوستان اور مصر کے درمیان معاشی تعلقات میں بہتری

سبکدوش سفیر سنجے بھٹاچاریہ کا الوداعی تقریب سے خطاب

قاہرہ ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کیلئے ہندوستان کے سبکدوش ہونے والے سفیر سنجے بھٹاچاریہ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مصر کے ساتھ ہندوستان کے معاشی تعلقات میں زبردست بہتری پیدا ہوئی ہے۔ مصر، افریقہ میں ہندوستان کے چند اہم تجارتی شراکت داروں میں سے ایک ہے۔ ایک الوداعی تقریب کے دوران انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی میعاد کے دوران جو چند اہم واقعات رونما ہوئے ان میں سب سے زیادہ اہم وزیراعظم ہند نریندر مودی اور صدر مصر ابوالفتاح السیسی کے درمیان اعلیٰ سطحی تعلقات کا قیام ہے۔ جہاں تک میرا خیال ہیکہ سب سے زیادہ بہتری ۔ ہند مصر کے معاشی تعلقات میں آئی ہے جہاں گذشتہ چند سالوں میں ہندوستانی کمپنیوں نے مصر آنے کا سلسلہ جاری رکھا اور ساتھ ہی ساتھ یہاں سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوا ۔ آج ہندوستانی آٹو موبائیلس، اگریکلچر پراجکٹس، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ہندوستان کی موجودگی کو محسوس کیا جاسکتا ہے۔ مسٹر بھٹاچاریہ نے اس موقع پر متعدد بین الاقوامی ثقافتی فیسٹولس میں ہندوستان کی شرکت میں اضافہ کا بھی تذکرہ کیا جیسے ’’انڈیا بائی وی نائل (نیل)‘‘، گلمپسس آف انڈیا‘‘ اور ’’ٹیگور فیسٹیول‘‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔