کارڈف۔26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) یکے بعد دیگرے مختلف تنازعات سے پریشان ہوچکی ہندوستانی ٹیم کل یہاں انگلینڈ کے خلاف 5 مقابلوں کی ونڈے سیریز کے دوسرے مقابلے میں کامیابی کیلئے کوشاں ہے تاکہ محدود اوورس کی کرکٹ سیریز میں بہتر شروعات کی جائے ۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان بریسٹل میں منعقد ہونے والا سیریز کا پہلا مقابلہ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا، لہٰذا مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم ونڈے سیریز میں ایک کامیاب آغاز کے لئے کوشاں ہے۔ ٹسٹ سیریز کے بعد میدان سے باہر کئی ایک واقعات رونما ہوئے ہیں جس میں ہندوستانی ٹیم کے کوچ ڈنکن فلیچر کے معاون عملہ کے دو اہم ارکان کو برطرف کرتے ہوئے ان کے مقام پر نئے عہدیداروں کا انتخاب اور ٹیم کے سابق کپتان روی شاستری کو ٹیم ڈائریکٹر مقرر کرنا قابل ذکر ہے ۔
علاوہ ازیں مہیندر سنگھ دھونی کی جانب سے ڈنکن فلیچر کی ورلڈ کپ 2015ء تک اپنے عہدہ پر موجود رکھنے کی حمایت نے بھی ایک نیا تنازعہ کھڑا کیا ہے۔ ان تمام سے قطع نظر ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی بھی کل کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ونڈے اور پہلے ایکشن کے لئے اپنی توجہ کرکٹ پر مرکوز کرچکے ہیں۔ ٹسٹ سیریز کے دوران رویندر جڈیجہ اور جیمس اینڈرسن کا تنازعہ بھی منظر عام پر آیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے مظاہروں میں بھی فرق دیکھنے کو ملا۔ جہاں تک میدان پر ایکشن کا سوال ہے ، بریسٹل میں منعقدہ پہلے مقابلے میں بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند نہیں پھینکی گئی لہٰذا دونوں ٹیموں کی توجہ کل یہاں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے مقابلہ پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ شکھر دھون اور روہت شرما پر مشتمل اوپننگ جوڑی ٹیم کو جہاں بہتر شروعات فراہم کرنے کی خواہاں ہے، وہیں مڈل آرڈر میں ویراٹ کوہلی ٹسٹ سیریز کے اپنے ناقص مظاہروں کے سلسلے کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہوں گے۔
ونڈے کیلئے ہندوستان کے قطعی گیارہ کھلاڑیوں میں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کا انتخاب یقینی ہوگا کیونکہ یہ کھلاڑی 2015ء ورلڈ کپ کیلئے دھونی کی ہندوستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔ انگلینڈ کیلئے جارحانہ بیٹسمین الیکس ہالیس پر تمام تر توجہ مرکوز ہے جو کہ کل اپنے ونڈے کریر کا آغاز کریں گے۔ ونڈے ورلڈ کپ کیلئے انگلینڈ کی ٹیم میں الیکس کو ایک اہم کھلاڑی کے طورپر شامل کیا جارہا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم میں رائیڈو کا انتخاب بھی یقینی دکھائی دے رہا ہے جنہوں نے ونڈے سیریز کیلئے منعقدہ وارم اَپ مقابلے میں نصف سنچری اسکور کی تھی۔
وسیم اکرم کی کوچنگ ، یادو یارکرس کیلئے پُرعزم
لندن۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ بولر اومیش یادو جنہوں نے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے بولنگ کوچ وسیم اکرم کی سرپرستی میں یارکرس کی مشق کی ہے ، وہ انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز میں انگلش بیٹسمنوں کو پیروں کو زخمی کرنے والے یارکرس کے ذریعہ پریشان کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔ یادو نے کہا کہ وسیم بھائی نے انہیں یارکرس کو موثر بنانے میں کافی مدد کی ہے اور اب وہ انگلش بیٹسمنوں کے خلاف اس ہتھیار کو استعمال کرنے کیلئے بے چین ہیں۔