ہندوستان اور انگلینڈ کے حالات کا موازنہ نہیں : ویراٹ

راجکوٹ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )) ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹسٹ میں ہندستان کی سب سے بڑی فتح حاصل کرنے کے بعد ہفتہ کو کہا کہ انگلینڈ اور ہندستان کے حالات کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹسٹ میں تین دن کے اندر ہی اننگز اور 272 رنز سے شکست دے دی یہ ٹسٹ تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے ۔ ہندوستان کو اس سریز سے پہلے انگلینڈ میں پانچ ٹسٹ میچوں میں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ میچ جیتنے کے بعد ہندستان اور انگلینڈ کے حالات کے بارے میں پوچھے جانے پر ویراٹ نے کہاکہ مجھے نہیں لگتا کہ انگلینڈ اور ہندستان کے حالات کا موازنہ کیا جانا چاہیے۔ وہ ایک بڑا چیلنج تھا اور جہاں تک میرا خیال ہے کہ جیسی ہماری صلاحیت ہے ، گھریلو حالات میں ہم مکمل طور دبدبہ بنائے رکھیں گے ۔ اس میچ میں ہر لحاظ سے ہم نے یکطرفہ مظاہرہ کیا۔ ویسٹ انڈیز کی کارکردگی کیلئے ہندوستانی کپتان نے کہاکہ مہمان ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں میرے لئے کچھ بھی کہنا مناسب نہیں ہوگا۔ مجھے یقین ہے کہ وہ اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے ۔ مخالف ٹیم کیا کرتی ہے ہم اس پر اپنی توجہ نہیں لگانا چاہتے ۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہماری کارکردگی ہر لحاظ سے سو فیصد رہی۔ ویراٹ نے اس میچ میں خاص طور پر اوپنر پرتھوی شا اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اپنے پہلے ٹسٹ میں ہی پرتھوی نے کمال کا مظاہرہ کیا۔ اس لڑکے نے دکھایا کہ اس میں منفرد قابلیت ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اسے ٹسٹ ٹیم میں لائے۔ ایک کپتان کے لحاظ سے یہ دیکھنا بہت پرجوش ہے کہ نیا کھلاڑی اپنے پہلے ہی میچ میں کتنی بہتر کارکردگی کرتا ہے ۔ جڈیجہ کی تعریف میں کپتان نے کہاکہ انہوں نے ہمارے لیے اہم رنز بنائے ۔ ہم چاہتے تھے کہ وہ تین ہندسے کے اعداد و شمار پر پہنچے ۔ میرا خیال ہے کہ وہ ہمارے لیے میچ کو تبدیل کر سکتے ہیں اور بلے اور گیند سے میچ فاتح شراکت دے سکتے ہیں۔ ویراٹ نے ساتھ ہی تیز گیندبازوں امیش یادو اور محمد سمیع کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پہلی اننگز میں دونوں نے نئی گیند سے وکٹ لے کر مخالف ٹیم کو دباؤ میں ڈال دیا۔ سمیع نے ایسی پچ پر وکٹ نکالے جس پر تیز گیندبازوں کیلئے زیادہ کچھ نہیں تھا۔ میں یہاں کی گرمی کو دیکھتے ہوئے چار بولروں کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتا۔