ہندوستان اب آسٹریلیا کی رکاوٹ عبور کرے گا:ظفر

 

نئی دہلی۔27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی کے لیجنڈ کھلاڑی ظفر اقبال نے آج یہاں کہا کہ من پریت سنگھ کی قیادت والی ہندستانی مرد ہاکی ٹیم اس مرتبہ گولڈ کوسٹ دولت مشترکہ کھیلوں میں آسٹریلیا کے خلاف جیت حاصل نہ کرنے کا تعطل توڑے گی۔ظفراقبال نے ایک پروگرام میں کہا کہ آسٹریلیا یقینی طور پر ایک بہت اچھی ٹیم ہے اور سب سے اعلی سطح کی ہاکی کھیلتی ہے لیکن ہندستانی ٹیم نے بھی گزشتہ چند برسوں میں کافی اچھی کارکردگی دکھائی ہے اور کچھ مواقع پر آسٹریلیا کو شکست بھی دی ہے ۔مجھے پوری امید ہے کہ ہندستانی ٹیم اس مرتبہ آسٹریلیا کوشکست دے گی۔ہندستانی ٹیم گزشتہ دو دولت مشترکہ کھیلوں 2010 کے دہلی کھیل اور 2014 کے گلاسگو کھیلوں میں فائنل میں پہنچی تھی اور دونوں مرتبہ اسے آسٹریلیا سے شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ظفر اقبال نے کہا کہ دہلی کھیلوں میں ہندوستانی ہاکی ٹیم فائنل میں آسٹریلیا سے بری طرح ہاری تھی لیکن چار سال بعد اس نے گلاسگو میں شکست کے فرق کو کم کیا تھا۔آخری مرتبہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ہندستانی ٹیم 1980 ماسکو اولمپکس کے رکن رہے ظفر اقبال نے کہا کہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہاکی میں مقابلہ سخت ہوگا۔ان کھیلوں میں پانچ مرتبہ کی چمپئن آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور پاکستان جیسی ٹیمیں موجود رہیں گی۔ ان ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ظفر اقبال نے ساتھ ہی کہا کہ ہماری ٹیم کی تیاریاں کافی اچھی ہیں۔مرد اور خاتون دونوں ہی ٹیموں نے گزشتہ کچھ عرصہ میں کافی میچ کھیلے ہیں اور کافی تجربہ حاصل کیا ہے ۔اسے دیکھتے ہوئے تیاری اچھی مانی جا سکتی ہے ۔اگرچہ مجھے لگتا ہے کہ خاتون ٹیم کے پاس فائدہ رہے گا کیونکہ اس نے 2002 کے مانچسٹر کھیلوں میں گولڈ اور 2006 کے میلبورن کھیلوں میں سلور میڈل جیتا تھا۔سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنمنٹ میں حال میں پانچویں نمبر پر رہنے والی ہندستانی ٹیم سے تجربہ کار مڈفیلڈر سردار سنگھ کو ہٹائے جانے پر ظفر اقبال نے کہا کہ سردار جیسے تجربہ کار کھلاڑی کو ہٹائے جانے کی ضرور کچھ وجہ رہی ہوگی۔ ہو سکتا ہے انہیں ٹیم کمبی نیشن کے لئے ہٹایا گیا ہو۔ لیکن مجھے لگتا ہے کہ جو ٹیم دولت مشترکہ کھیلوں کے لیے منتخب کی گئی ہے وہ ایک بہترین ٹیم ہے جو یقینی طور پر اچھا مظاہرہ کرے گی۔ظفر اقبال نے کہا کہ ہندستانی ہاکی ٹیم میں پہلے کے مقابلے نیا اعتماد آچکا ہے اور اس کا سہرا ہاکی لیگ کو جاتا ہے جس میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنے اندر نیا اعتماد پیدا کیا ہے ۔ہاکی آئیکن نے دولت مشترکہ کھیلوں کے لئے ہندوستانی ٹیم کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔