نئی دہلی ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے آسٹریلیا کا دورہ ہمیشہ ہی چیلنجس سے بھرا رہے گا اور 2000 کے بعد سے گذشتہ 14 برسوں کے دوران ہندوستانی ٹیم نے جتنی مرتبہ بھی آسٹریلیا کا دورہ کیا ہے، اسے کامیابی کیلئے انتہائی مشکل ترین حالات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ علاوہ ازیں اس عرصہ میں پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کو 4 بہترین کھلاڑیوں سچن تنڈولکر، راہول ڈراویڈ، وی وی ایس لکشمن اور سورو گنگولی کے بغیر ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے چیلنجس کا سامنا کرے گی۔ بارڈر ۔ گواسکر ٹرافی کیلئے 19 رکنی ہندوستانی ٹیم کا گذشتہ روز اعلان کردیا گیا ہے اور اس میں اکثریت نوجوان کھلاڑیوں کی ہے حالانکہ بیرونی دوروں پر ان کے مظاہرے مایوس کن ہے جس کے باوجود سلیکٹروں نے انہیں اس لئے بھی ٹسٹ سیریز میں موقع دیا ہے
کیونکہ چند ماہ بعد آسٹریلیا میں ہی ورلڈ کپ 2015ء کھیلا جائے گا لہٰذا ٹسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے موسمی حالات اور وکٹوں کے برتاؤ سے انہیں ہم آہنگ کیا جاسکے۔ 2003ء کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ ہندوستانی ٹیم ایڈیلیڈ میں ایک مقابلہ کھیلے گی لیکن اس مرتبہ راہول ڈراویڈ کامنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔ ایسا ہی کچھ منظر وی وی ایس لکشمن کے ساتھ بھی دکھائی دے گا جو کہ حریف بولر گلین مائیک گرا اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ مقابلہ پر تبصرہ کرتے نظرآئیں گے۔ ہندوستانی ٹیم 4 بہترین کھلاڑیوں کے بغیر پہلی مرتبہ آسٹریلیا کے چیلنجس کا سامنا کرے گی اور 22 برسوں میں اس کے مظاہرہ توجہ کے مرکز ہوں گے۔ دورہ آسٹریلیا کیلئے 19 رکنی ٹیم کے انتخاب کے موقع پر کرکٹ کے ہر شعبہ میں بہتر کھلاڑیوں کے انتخاب کی پالیسی اختیار کی گئی ہے جیسا کہ اسپن شعبہ میں 3 کھلاڑی، وکٹ کیپنگ کے زمرہ میں 3 کھلاڑی، بیٹنگ شعبہ میں 8 سرفہرست نام اور بولنگ شعبہ میں 5 فاسٹ بولروں کو موقع دیا گیا ہے۔ لوکیش راہول، نمن اوجھا اور کرن شرما کو گھریلو کرکٹ میں بہتر مظاہروں کی بنیاد پر موقع دیا گیا ہے جبکہ رابن اتھپا کو ٹیم میں شامل نہ کیا جانا ایک سخت ترین فیصلہ قرار دیا جاسکتا ہے۔
دورہ آسٹریلیا کے موقع پر سریش رائنا کے مظاہرہ توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ روی شاستری نے جب سے ٹیم کے ڈائرکٹر کا عہدہ سنبھالا ہے انہوں نے اس چیلنج کو قبول کیا ہیکہ وہ اترپردیش کے اس بیٹسمین رائنا کے ٹسٹ کریئر کو پھر سے سنواریں گے۔ برصغیر کی وکٹوں پر رائنا مقابلہ کو کسی بھی لمحہ اپنی ٹیم کے حق میں کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن اچھال لیتی وکٹوں پر اور خاص کر ٹسٹ کرکٹ میں ان کے مظاہرہ کافی مایوس کن ہیں۔ آخری مرتبہ جب آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان ٹسٹ سیریز کھیلی گئی تو آسٹریلیا نے آسانی کے ساتھ 4-0 کے ذریعہ ٹرافی پر قبضہ کرلیا تھا اور اس مرتبہ بھی حالات کچھ زیادہ تبدیل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم گذشتہ 4 سیریزوں میں آسٹریلیا کو اس کے گھریلو میدانوں پر ایک بھی مقابلہ میں شکست دینے میںکامیاب نہیں ہو پائی ہے اور آسٹریلیائی ٹیم نے مہمان ٹیم کا تمام مقابلوں میں مکمل صفایا کیا ہے۔ ہندوستان نے آسٹریلیا میں آخری مرتبہ کامیابی 7 برس قبل حاصل کی تھی جبکہ آسٹریلیا کیلئے ہندوستان میں آخری کامیابی 10 برس قبل ناگپور میں حاصل ہوئی تھی جس کے بعد وہ ہندوستان میں تمام 9 مقابلوں میں شکست برداشت کرچکی ہے۔