ہندوستان آج یو اے ای کیخلاف محفوظ کھلاڑیوں کو آزمانے تیار

میرپور ، 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) تین متواتر فتوحات کے بعد بلند حوصلہ ہندوستان نے آخرکار اپنے ریزرو کھلاڑیوں کو کمزور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف آزمانے کا فیصلہ کرلیا ہے، جو اُس کیلئے کل یہاں ایشیا کپ T20 کرکٹ ٹورنمنٹ میں اپنا آخری لیگ میچ ہوگا۔ ایم ایس دھونی ایسے شخص نہیں جو اپنی ٹیم میں بار بار تبدیلی پر یقین رکھتے ہیں لیکن سری لنکا کے مقابل پانچ وکٹ کی جیت کے ساتھ فائنل میں رسائی حاصل کرلینے کے بعد ہندوستانی کپتان نے کہا کہ یو اے ای میچ ایسا پلیٹ فام رہے گا کہ ان تمام کو موقع دیا جائے جو اَب تک میدان سے باہر بیٹھے رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ اجنکیا رہانے، ہربھجن سنگھ، پون نیگی اور بھونیشور کمار میں سے کم از کم دو یا تین کو کل میچ کھیلنے کا موقع ملنے کا امکان ہے۔ دھونی نے کہا: ’’ہم آنے والے مقابلے میں بلاشبہ چند تبدیلیاں کریں گے۔ ہم کتنی تبدیلیاں کرسکتے ہیں، یہ دیکھنا ہوگا۔ کیونکہ ہم ہنوز چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کی طاقت اور ترکیب کافی اچھی رہے۔ میرے خیال میں زیادہ تر کھلاڑیوں کو اگلے میچ میں یقینا موقع مل جائے گا۔ آیا تمام کھلاڑیوں کو جو تاحال نہیں کھیل پائے، موقع ملے گا، اس تعلق سے ہم قطعیت سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ لیکن ہم کوشش کریں گے کہ ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ تبدیلیاں کئے جائیں۔

 

آشیش نہرا کو اپنی 37 ویں سالگرہ سے چند ماہ دور ہیں، گزشتہ ایک ماہ میں نو T20 میچز کھیلنے کے بعد آرام دیئے جانے پر گراں نہیں گزرے گا۔ ان 9 میچوں میں انھوں نے 31 اوورز پھینکے ، جن میں معقول سے زیادہ 12 وکٹیں اطمینان بخش شرح پر حاصل کئے ہیں۔ بھونیشور جو گزشتہ سال آسٹریلیا میں ورلڈ کپ کے بعد سے کسی حد تک زوال پذیر نظر آئے ہیں، نہرا کو آرام کی صورت میں موقع مل سکتا ہے۔ تین سال قبل بھونیشور گیند کو سوئنگ کرنے کی اپنی قابلیت کی بناء تمام حالات اور تمام فارمٹس میں پہلی پسند والے سیمر تھے۔ میرٹھ سے تعلق رکھنے والے اس کھلاڑی کیلئے عروج کے اُن دنوں کے بعد سے بہت کچھ بدلا ہے ، جنھیں اب اسکواڈ میں اپنی جگہ کی برقرار میں مشکل پیش آرہی ہے۔ یو اے ای کی جہاں تک بولنگ یونٹ کا معاملہ ہے، اس ٹیم نے کچھ ناقص مظاہرہ نہیں کیا ہے جبکہ کپتان امجد جاوید نے پیش پیش رہتے ہوئے قیادت کی ہے۔ جاوید نے تمام حریفوں کو ابتدائی جھٹکے دیئے ہیں لیکن ہندوستان کے معاملے میں بیٹنگ لائن اپ سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کے مقابل کافی برتر ہے۔ یوراج سنگھ جو سری لنکا کے خلاف اچھے ردھم میں نظر آئے، ناتجربہ کار بولنگ اٹیک کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ بالکل یہی حال سریش رائنا کا ہے جو حالیہ مقابلوں میں اُٹھتی گیندوں کے خلاف ہر قسم کی مشکل میں دکھائی دیئے ہیں۔ مختصر یہ کہ یو اے ای کا یہ میچ ہندوستانیوں کیلئے ’لائیو پریکٹس میچ‘ رہے گا۔                میچ کا آغاز شام 7 بجے (IST) ہوگا