ہندوستان آج ونڈیزکے خلاف بھی کامیابی کا خواہاں

ٹاٹن، 28 جون (یواین آئی) ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں میزبان انگلینڈ کے خلاف جیت کے ساتھ شروعات کرنے سے حوصلہ کافی بلند ہے اور وہ کل ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں بھی اپنی اسی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے مقصد کے ساتھ اترے گی۔متھالی راج کی کپتانی میں خاتون ٹیم نے عالمی کپ کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کو35 رنز سے شکست دے کر اچھی شروعات کی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز اپنا پہلا ہی میچ آسٹریلیا سے آٹھ وکٹ سے یک طرفہ انداز میں گنوا بیٹھی تھی۔ مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی انگلینڈ کے خلاف میچ میں ہندوستانی ٹیم کے بیٹس ویمنس اور بولروں نے آل راونڈکھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور میزبان ٹیم کو282 کا بڑا ہدف دیا۔اس میچ میں کپتان اور اسٹار متھالی نے ونڈے کرکٹ میں مسلسل سات نصف سنچری بنانے کا بہترین ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔انہوں نے71 رن کی بہترین اننگز کھیلی جبکہ پونم راوت نے 86 اور اسمرتی مندھانا نے 90 رنز بنائے اور تین نصف سنچری کے ساتھ ہندوستانی خواتین نے حریف ٹیم کو بڑا ہدف دیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ان کھلاڑیوں کا اہم کردار رہے گا جبکہ ھرمیت کو بھی اچھی بیٹس ویمن ہیں۔بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی ٹیم کی کھلاڑیوں کی کارکردگی لاجواب تھی ۔ونڈے میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والی بولرجھولن گوسوامی، ایکتا بشٹ، شکھا پانڈے ، پونم یادو اور دپتی شرما ٹیم کی اہم کھلاڑی ہیں جن پر ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کو روکنے کی ذمہ داری رہے گی۔ان گیند بازوں نے انگلینڈ ٹیم کو47.3 اوورس میں ہی246 پر ڈھیر کرکے میچ آسانی سے اپنی طرف کر لیا تھا۔اگرچہ ہندوستانی خواتین کے لئے اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے اہم ہوگا ۔