ہندوستان آج انگلینڈ کے مکمل صفایا کا خواہاں

لیڈس۔4ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام) سیریز پر پہلے ہی قبضہ کرچکی ہندوستانی ٹیم کل یہاں انگلینڈ کے خلاف کھیلے جانے والے آخری اور پانچویں مقابلے میں کوئی غلطی کرے بغیر میزبان ٹیم کاسیریز میں مکمل صفایا کرنے کی خواہاں ہے ۔ میزبان ٹیم کے خلاف ٹسٹ سیریز میں شرمناک شکست کے بعد مہیندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم نے متاثرکن واپسی کرتے ہوئے انگلش ٹیم کو بیٹنگ ‘ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں جدوجہد کرنے پر مجبور کردیا ہے ۔دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سیریز کا ابتدائی مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا تھا جس کے بعد پانچ مقابلوں کی سیریز میں متواتر تین فتوحات حاصل کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے 2002ء کے بعد پہلی مرتبہ ونڈے سیریز اپنے نام کرلی ہے ۔ حالانکہ 2013ء میں یہیں مہیندر سنگھ دھونی کی ٹیم نے چمپئنس ٹرافی حاصل کی تھی تاہم وہ مختلف ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ٹورنمنٹ تھا ۔

علاوہ ازیں 2002ء میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ میں جو کامیابی حاصل کی تھی وہ ایک سہ رخی ٹورمنٹ تھا جس میں سری لنکا تیسری ٹیم تھی۔ ہندوستان کو دونوں ممالک کے درمیان کھیلی جانے والی باہمی سیریز میں 1990ء میں کامیابی حاصل ہوئی جب ہندوستانی ٹیم نے ٹکساکو ٹرافی 2-0سے اپنے نام کرلی تھی۔ 1990ء اور رواں سیریز میں کامیابی کا ایک اہم اور مشترکہ پہلو روی شاستری ہیں کیونکہ اُس موقع پر روی شاستری ہندوستانی ٹیم کے رکن تھے اور اب وہ موجودہ ٹیم کے ڈائرکٹر ہیں ۔ روی شاستری کی سرپرستی میں مہیندر سنگھ دھونی انگلینڈ کے خلاف ونڈے سیریز کا ایک اور کامیابی کے ساتھ اختتام کرنے کے خواہاں ہوں گے ۔ دوسری جانب انگلش ٹیم جس نے ٹسٹ سیریز میں شاندار مظاہرہ کیا تھا وہ کامیابی کے ساتھ ونڈے سیریز کا اختتام کرنے کی خواہاں ہے ۔ معین علی اور جیمس ٹریڈویل پھر ایک مرتبہ قطعی 11کھلاڑیوں میں شامل رہیں گے ۔