ہندوستان آج انگلینڈ کیخلاف ونڈے سیریز میں کامیابی کا خواہاں

لندن۔16 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے انگلینڈ کیخلاف ٹوئنٹی20 کی طرح ونڈے سیریز میں بھی فیصلہ کن میچ کا چیلنج ہے اور منگل کو تیسرے اور آخری ونڈے میں اسے ایک مرتبہ پھر غلطیوں سے نکلتے ہوئے کامیابی کے ساتھ سریز پر قبضے کے لئے پورا زور لگانا ہوگا۔کوہلی کی زیرقیادت ٹیم تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1۔1 سے برابری پر ہے اور آخری میچ ایک بار پھر فیصلہ کن ہو گیا ہے ۔ونڈے سیریز میں کلین سویپ سے اگرچہ ہندستان نے ایک بار پھر اس فارمیٹ میں انگلینڈ کو شکست دے کر نمبر ون بننے کا موقع تو گنوا دیا ہے لیکن اس کی نگاہیں اب صرف سریز پر قبضے پر لگی ہیں۔ ہندستان نے پچھلا ونڈے86 رنز سے گنوایا تھا جس میں بیٹنگ اوربولنگ دونوں میں اس کے کھلاڑیوں نے مایوس کیا تو پھر اس کے مڈل آرڈر کی کمزوریاں اجاگر ہو گئیں۔فاسٹ بولر امیش یادو63 رنز، آل راؤنڈرہردک پانڈیا 70 رن اور سدھارتھ کول59 رنز دے کر بہت مہنگے ثابت ہوئے جبکہ چائنامین بولر کلدیپ یادو نے تین وکٹس تو لئے لیکن وہ بھی رنز دئے ۔ تعاقب میں اوپننگ جوڑی روہت شرما، شکھر دھون اور تیسرے نمبر کے کپتان کوہلی پر پھر منحصر نظر آئی اور باقی خاصا متاثر نہیں کر سکے ۔انگلینڈ کی زمین پر اب تک ہندستان کی کارکردگی تسلی بخش کہی جا سکتی ہے لیکن جہاں اس کی نظریں اسی ملک میں2019 میں ہونے والے ورلڈ کپ پر مرکوز ہیں تو یہ بھی ضروری ہے کہ وہ مڈل آرڈر کے مسئلے کو حل کرے ۔کوہلی مسلسل ہی مڈل آرڈر میں نئے تجربے کرتے رہے ہیں لیکن تیسرے سے چوتھے نمبر پر لوکیش راہول مستحکم نہیں دکھائی دے رہے ہیں۔دوسری طرف میزبان ٹیم چاہے گی کہ وہ ٹوئنٹی20 سریز کی شکست کا بدلہ برابر کرتے ہوئے فیصلہ کن میچ جیتیں اور سریز پر قبضہ کریں۔انگلینڈ نے تیسرے ونڈے کے لیے ہیمپشائر کے جیمز ونس کو انگلش ٹیم میں شامل کیا ہے ۔ انگلینڈ کے لیے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے جو روٹ، کپتان مورگن، جیسن رائے ، ڈیوڈ ولی دوبارہ ہندستانی بولروںکو پریشان کر سکتے ہیں جبکہ بولنگ میں انگلش ٹیم کے پاس لیام پلنکٹ، ویلی اور عادل راشد ہیں جبکہ معین علی کسی بھی وقت ہندوستان کے لئے خطرہ بن سکتے ہیں۔
پلنکٹ گزشتہ میچ میں چار وکٹ کے ساتھ سب سے کامیاب رہے تھے ۔