پرتھ ۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کے ذریعہ سیریز کو برابر کرنے والی کامیابی کے بعد ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے حوصلے کافی بلند ہیں اور کل وہ عالمی چمپیئن آسٹریلیا کے خلاف 4 مقابلوں کی ٹسٹ سیریز کے تیسرے مقابلہ میں ایک اور کامیابی کیلئے کوشاں ہے۔ چہارشنبہ کو منعقدہ دوسرے مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم نے غیرمتوقع 2-1 کی کامیابی حاصل کی تھی حالانکہ اسے سیریز کے افتتاحی مقابلے میں 0-4 کی شرمناک شکست برداشت کرنی پڑی تھی۔ تیسرے اور اہم مقابلہ کیلئے تیاری کے ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ نے کہا ہیکہ آسٹریلیا جیسی سرفہرست ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے ہر مقابلہ میں بہتر مظاہرہ پر ٹیم کی تمام تر توجہ مرکوز ہے۔