ہندوستان آج آسٹریلیا کیخلاف ایک نئی تاریخ کا خواہاں

اڈیلیڈ۔5 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) ویراٹ کوہلی کی قیادت میں دنیا کی نمبر ایک ٹسٹ ٹیم ہندوستان ، جمعرات کو آسٹریلیائی سر زمین پر تاریخ رقم کے مقصد سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ یہاں اس کا پہلا امتحان میزبان ٹیم کے خلاف اڈیلیڈ اوول میں ہونے والے پہلے ٹسٹ میچ میں ہوگا۔ہندوستان نے آسٹریلیا میں کبھی بھی کوئی ٹسٹ سیریز نہیں جیتی ہے اور دنیا کے نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین کوہلی کی قیادت میں پہلی مرتبہ اس کی یہاں تاریخ رقم کرنے کی امید ہے ۔ آسٹریلیائی ٹیم کو اپنے اہم بیٹسمینوں اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بین کرافٹ کی معطلی کا سامنا ہے دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ میں جاری ہلچل نے بھی اس کے موقف کو کمزور کیا ہے جس نے ہندوستان کے حوصلے مزید مضبوط کردئے ہیں۔ اگرچہ آسٹریلیا کھلاڑی اور یہاں کی پچیں ہمیشہ ہی ہندوستانی ٹیم کے لئے پراسرار رہی ہیں اور ٹوئنٹی20 سیریز میں جس طرح میزبان ٹیم نے ہندوستان کو پہلے میچ میں شکست دی اس کے بعد کہا جا سکتا ہے کہ میزبان ٹیم کو آسان تصور کرنا بڑی غلطی ثابت ہو سکتی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ کچھ عرصے سے چلی آ رہی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے میچ کے موقع پر اپنی 12 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں اس نے پانچ ماہر بولروںکو کھلانے کی اپنی پالیسی تبدیل کی ہے ۔ہندوستانی ٹیم میں محدود اووروں کے ماہر روہت شرما اورآل راؤنڈر ھنوما وھاری کو جگہ دی گئی ہے ۔ روہت کا 2014-15 میں آسٹریلیا ئی دورہ کچھ خاص نہیں رہا تھا لیکن موجودہ فارم کی بدولت انہوں نے آخری الیون میں جگہ حاصل کرلی ہے اور پریکٹس میچ میں بھی انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جبکہ مڈل آرڈر میں اسی سال ٹسٹ میں قدم رکھنے والے ہنوما کو موقع ملا ہے ۔تجربہ کار آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اورفاسٹ بولر امیش یادو کو باہر بٹھانے کا فیصلہ حیران کن ہے ۔ وہیں ہندوستانی ٹیم میں اڈیلیڈ کیلئے صرف روی چندرن اشون واحد اسپنر ہیں جبکہ چائنامین کلدیپ یادو بھی باہر ہیں۔ کلدیپ کو پریکٹس میچ میں بھی ایک اوور ہی ڈالنے کا موقع ملا تھا۔ پریکٹس میچ میں جہاں ہندوستانی بیٹسمینوں کوہلی، چتیشور پجارا، لوکیش راہول، اجنکیا رہانے ، ہنوما اور روہت نے اپنی بیٹنگ سے متاثر کیا تھا تو وہیں بولروں نے مایوس کیا تھا۔ فاسٹ بولر امیش 28 اوور میں 113 رن دے کر مہنگے ثابت ہوئے تھے جنہیں آخری الیون میں جگہ نہیں ملی ہے لیکن ایشانت شرما، جسپریت بمراھ اور محمد سمیع کی کارکردگی متاثر کن رہی تھی۔ سمیع نے 24 اوور میں97 رنز پر سب سے زیادہ تین وکٹ لئے تھے جبکہ اسپنر اشون نے سب سے زیادہ 40 اوور تک تین کے اوسط سے بولنگ کی۔ ایشانت کے پاس آسٹریلیائی پچوں کا بہترین تجربہ ہے ۔