ہندوستان ، پاکستان اور افغانستان کی فتوحات

دبئی ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان ، پاکستان اور افغانستان نے یہاں رواں انڈر 19 ورلڈکپ میں اپنے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے سنجو سامسن کی 48 گیندوں میں 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 85 اور سرفراز خان کے 18 گیندوں میں بنائے جانے والے 34 رنز کی بدولت 301/6 اسکور بناتے ہوئے پاپوا نیو جنیوا کو صرف 56 رنز پر ڈھیر کرتے ہوئے 245 رنز کی یادگار کامیابی حاصل کی ۔ حریف ٹیم کو بدترین شکست سے دوچار کرنے میں کلدیپ یادو (10/4) اور مونو کمار (13/3) نے کلیدی رول ادا کیا ۔ دریں اثناء پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف 146 رنز کی کامیابی حاصل کی جیسا کہ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر امام الحق (133) کی سنچری کی بدولت 308 رنز اسکور کئے اور جوابی اننگز میں اسکاٹ لینڈ کو 162 رنز تک محدود رکھنے میں کرامت علی نے (36/5) بہترین بولنگ کا مظاہرہ کیا ۔ ایک اور مقابلے میں افغانستان نے محمد مجتبی (50) اور حشمت اللہ شہدی (52) کی نصف سنچری کی بدولت مطلوبہ نشانہ 196/6 کی شکل میں حاصل کرتے ہوئے نیمیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی ہے۔

مکالم کی وجہ سے نیوزی لینڈ تھم گیا: کوچ
ولنگٹن ۔ 19 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے آج ٹیم کے کپتان برینڈن مکالم کی تاریخ ساز ٹریپل سنچری کے متعلق جس کی بدولت میزبان ٹیم نے ہندوستان کو ایک امکانی کامیابی سے باز رکھتے ہوئے ٹسٹ سیریز 1-0 سے اپنے نام کرلی، کہا کہ مکالم نے اس اننگز کے ذریعہ پورے نیوزی لینڈ کو تھمادیا تھا۔ ہیسن نے کہا کہ گزشتہ روز (منگل) نیوزی لینڈ تھم چکا تھا کیونکہ ملک بھر کے کرکٹ شائقین مکالم کی یادگار سنچری کی ستائش کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت نیوزی لینڈ ٹیم کے کوچ کے ہی نہیں بلکہ ہزارہا کرکٹ شائقین نے مکالم کی اننگز پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مکالم نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 302 رنز اسکور کرتے ہوئے سابق کپتان مارٹن کرو کی جانب سے سری لنکا کے خلاف 1991 ء میں ولنگٹن میں ہی بنائے گئے 299 رنز کا ریکارڈ توڑا ہے۔ کوچ کے بموجب جس وقت مکالم نے نیوزی لینڈ کے لئے 300 رنز مکمل کرلئے ، اس وقت ہمارے علاوہ میدان میں اور ملک بھر میں کئی افراد جذباتی ہوچکے تھے۔