ہندوستان ، آسٹریلیا میں ڈے ؍نائٹ ٹسٹ کھیل سکتا ہے

میلبورن ، 3 دسمبر (یو این آئی) ہندستان نے اب تک ایک بھی ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا ہے لیکن اس کے اگلے سال آسٹریلیا دورے پر ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تجربہ حاصل کر نے کے امکان ہیں ۔ہندستان کو اگلے سال آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے جہاں اسے میزبان ٹیم کے ساتھ چار ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے اور ان میں سے ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ بھی ہو سکتا ہے ۔سال 2015 میں آسٹریلیا۔نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا اور اس کے بعد سے کئی ممالک نے ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے ۔آسٹریلیا اس وقت انگلینڈ کے ساتھ ایشز سیریز میں دوسرا ٹیسٹ گلابی گیند سے کھیل رہا ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا (سی اے ) کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ نے اتوار کو اے بی سی ریڈیو کو بتایا کہ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب سے وہ ہر سیزن میں کم از کم ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔سدرلینڈ نے کہاکہ میں یہ امید کرتا ہوں کہ اس میں زیادہ مسئلہ نہیں ہو گا۔ہم نے اسے لے کر بین الاقوامی سطح پر بات چیت کی ہے ۔یہ فیصلہ میزبان ملک کو لینا ہے کہ وہ کیا صحیح سوچتے ہیں۔اب یہ یقینی ہو گیا ہے کہ ہم ہر سیزن میں کم از کم ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی کریں گے ۔ہندستان کے علاوہ سری لنکا کو بھی اگلے سال آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے اور سدرلینڈ کو امید ہے کہ ان کا ملک اگلے سال دو ڈے نائٹ ٹسٹ میچوں کی میزبانی کر سکتا ہے ۔سی اے کے سربراہ نے کہاکہ ہمارا ایسا خیال ہے کہ سری لنکا کے مقابلے میں ہندستان کیخلاف ہونے والے میچوں میں ناظرین زیادہ آئیں گے ۔