آج دوسرا ونڈے ‘مقابلہ 6:30 شام شروع ہوگا
پورٹ آف ا سپین۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان5 میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے بغیر نتیجہ کے ختم ہوگیا۔پورٹ آف اسپین کے کوینس پارک اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اوپنر شکھر دھون (87) اور اجنکیا رہانے (62) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت 39.2 اووروں میں 3 وکٹوں کے نقصان پر کر 199 رنز بنا لئے تھے ۔ لیکن پھر تیز بارش کی وجہ سے میچ کو رد کرنا پڑا۔ اس سے پہلے 38 ویں اوور کے دوران بھی بارش کی وجہ سے تقریبا ایک گھنٹے تک کھیل نہیں ہو سکا۔ بارش رکنے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا لیکن صرف8 گیندیں ہی پھینکی گئی تھیں کہ بارش نے پھر سے میدان کو گھیر لیا۔ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کے لئے مدعو کیا۔ شکھر دھون اور اجنکیا رہانے نے ہندوستان کو مضبوط آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لئے25 اوورس میں132 رن کی زبردست شراکت بنالی۔ دھون نے چیمپئنز ٹرافی کے اپنے شاندار فارم کو یہاں بھی جاری رکھتے ہوئے 92 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے87 رنز بنائے ۔ دھون کی بدقسمتی رہی کہ وہ اپنی سنچری سے 13 رن دور رہ گئے ۔ دھون کو لیگ اسپنر دیویندر بشو نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔دھون کی یہ 20 ویں نصف سنچری تھی۔ اجنکیا رہانے نے بھی ٹیم میں اپنی واپسی کا جشن نصف سنچری بنا کر منایا۔رہانے نے78 گیندوں میں آٹھ چوکوں کی مدد سے62 رنز بنائے ۔ رہانے نے اپنا آخری ون ڈے22 جنوری کو کولکتہ میں انگلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ ٹیم سے اخراج کی دہلیز پر موجودیوراج سنگھ صرف چار رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور اس طرح وہ ایک اور مرتبہ ناکام ہوئے حالانکہ اس مرتبہ نہ انہیں ہمالیائی نشانہ کا تعاقب کرنا تھا اور نہیں ٹیم کو ابتدائی مشکلات سے باہر نکالنا تھا جیسا کہ پاکستان کے خلاف چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں حالات تھے ۔کھیل رکنے کے وقت کپتان ویراٹ کوہلی 47 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے32 اور مہندر سنگھ دھونی 9 رن بنا کر کھیل رہے تھے ۔اس مقابلے میں ہندوستانی اسپنر کلدیپ یادو نے اپنے ونڈے کرئیر کا آغاز کیا۔
کمبلے قابل احترام شخصیت:کوہلی
پورٹ آف اسپین۔ 24جون (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیکپتان ویرات کوہلی نے مستعفی ہیڈ کوچ انیل کمبلے کیساتھ اپنے کشیدہ تعلقات پر آخرکار زبان کھولی ہے۔ ویسٹ انڈیز میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا میں سابق کھلاڑی کی حیثیت سے کمبلے بھائی کی بہت عزت کر تا ہوں اور ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ چھوڑنے کے ان کے فیصلے کا احترام کرتاہوں ، انہوں نے کہا چیمپئنز ٹرافی کے دوران تقریباً 11 مرتبہ پریس کانفرنس کی لیکن اپنے فرائض کو سمجھتے ہوئے کبھی ڈریسنگ روم کے حالات میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا اور نہ کروں گا۔