نئی دہلی۔ 29 ؍ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم کے لئے2014 کامیاب سال ثابت ہوا ہے جیسا کہ اس سال ہندوستانی ہاکی ٹیم نے 16 برس بعد ایشین گیمس میں گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ بلکہ اس کامیابی کے ذریعہ قومی ہاکی ٹیم نے 2016 میں منعقد شدنی ریو اولمپکس میں رسائی بھی حاصل کرلی ہے ۔ ان فتوحات کے علاوہ ٹیم کے کوچ ٹیری والش کا متنازعہ طور پر استعفی دینا بھی ٹیم کے ساتھ نمایاں واقعہ ہے ۔ رواں سال ہندوستانی ہاکی ٹیم کی ترقی کا سال بھی رہا جہاں سینئر ٹیم کے علاوہ جونیئر ٹیم نے بھی بہتر مظاہرے کئے ہیں ۔ جنوبی کوریا میں ایشین گیمس کا گولڈ میڈل حاصل کرنے کے علاوہ ٹیم نے کئی تاریخ ساز فتوحات بھی حاصل کی ہیں جس میں عالمی چمپین آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر شکست دینا بھی شامل ہے ۔ کامن ویلتھ گیمس میں بھی ہندوستانی ٹیم نے بہتر مظاہرہ کیا ہے جیسا کہ گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمس میں سردار سنگھ کی زیر قیادت ہندوستانی ٹیم کا سب سے بہترین مظاہرہ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف رہا ۔ والش کی ٹریننگ میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے مسلسل بہترین مظاہرے کئے ہیں ۔