نئی دہلی۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کوچ ٹیری والش نے آج استعفیٰ دیتے ہوئے سب کو حیران کردیا۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کو ایشین گیمس میں تاریخی اور گولڈ میڈل کی فتح دلوانے کے تین ہفتے بعد والش نے ادائیگی تنازعہ کے باعث استعفیٰ دے دیا ہے۔ 60 سالہ آسٹریلیائی سابق اولمپک کھلاڑی والش نے آج اپنا استعفیٰ ڈرامائی انداز میں دیا ہے اور کہا کہ ملک میں وہ فیصلہ لینے کے معاملہ میں خود کو ہم آہنگ نہیں کرپارہے ہیں۔ والش نے اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے ڈائریکٹر جنرل جی جی تھامسن کو روانہ کردہ مکتوب میں لکھا ہے کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کوچ کے عہدہ سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور یہ تمام متعلقہ حریف کو مطلع کئے جانے کے علاوہ فوری طور پر قابل نفاذ بھی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ والش اور ان کے معاون عملہ کو حکومت کے قانون ٹی ڈی ایس سے شکایت ہے، کیونکہ وہ ان کی تنخواہوں پر اثر انداز ہورہا ہے۔
نڈال کی کامیابی واپسی
بیسل۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ سابق عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے روجر فیڈرر کے آبائی شہر میں کھیلے جانے والی سوئس انڈورس میں دس برس بعد کامیاب واپسی کی ہے جیسا کہ پہلے مقابلہ میں انھوں نے کوالیفائر اطالوی کھلاڑی سیمون بولیلی کو راست سیٹوں میں 6-2، 6-2 سے شکست دی ہے۔ ومبلڈن میں کہنی زخمی ہونے کے بعد نڈال تیسرے ٹورنمنٹ میں شرکت کررہے ہیں۔