ہندوستانی ہاکی ٹیم کو بلجیم کے خلاف شکست

نئی دہلی۔ 16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دورۂ یوروپ پر ہندوستانی ہاکی ٹیم کو پہلی شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ بلجیم کے خلاف بہتر مظاہرہ کے باوجود ہندوستانی ٹیم کو 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ہندوستان جس نے دورۂ یوروپ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے پہلے لیڈ اِن ہاکی کلب کو 7-0 سے شکست دی جس کے بعد ایچ جی سی ہاکی کلب کے خلاف مقابلہ 3-3 سے برابر کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن بلجیم کے خلاف شکست نے اس کی ورلڈ مہم کو متاثر کیا ہے جیسا کہ نیدرلینڈز نے 31 مئی تا 15 جون ورلڈ کپ کھیلا جائے گا۔ بلجیم کے خلاف ہندوستانی ٹیم نے بہترین آغاز کیا لیکن مقامی ٹیم نے مقابلے کے 17 ویں منٹ میں ٹامبون کے گول کی مدد سے سبقت حاصل کرلی جیسا کہ اس کھلاڑی نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا۔

بعدازاں بلجیم نے بہتر مظاہرہ کیا لیکن ابتدائی نصف مرحلے کے اختتام تک ہندوستانی کھلاڑیوں نے اسے مزید کوئی گول بنانے کا موقع نہیں دیا۔ ہندوستان نے 58 ویں منٹ میں نائب کپتان روپیندر پال سنگھ کی جانب سے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرنے کے باعث مقابلے میں مساوی موقف حاصل کرلیا لیکن ایک منٹ بعد ہی بون نے بلجیم کیلئے فیصلہ کن گول بنایا ۔ دریں اثناء ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میں 3-1 کی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ آئرلینڈ کے مقام ڈبلن میں منعقدہ اس مقابلے میں ہندوستان کے لئے 37 ویں منٹ میں پونم رانی، 61 ویں منٹ میں ریتو رانی اور 68 ویں منٹ میں سنیتا لکرا نے ٹیم کیلئے تیسرا گول اسکور کیا حالانکہ مقابلے کے پہلے نصف مرحلے میں آئرلینڈ نے 1-0 کی سبقت حاصل کرلی تھی۔