ہندوستانی ہاکی ٹیم کا آج ملائیشیا کیخلاف سیمی فائنل

جکارتہ۔29اگست(سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپئن ہندوستان18 ویں ایشیائی کھیلوں کے مرد ہاکی مقابلے کے سیمی فائنل میچ میں جمعرات کو مضبوط ملائیشیا کے خلاف جیت کی مضبوط دعویدار کے طور پر اترے گی جہاں اس کا مقصد فائنل کا ٹکٹ حاصل کرنا ہوگا۔ایشیائی کھیلوں میں تین بارکی گولڈ میڈل فاتح ہندوستانی ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی لیکن ٹیم کے سامنے مضبوط تصور کی جانے والی ملائیشیا ٹیم کے خلاف اس کا مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔ہندوستان اس ٹورنمنٹ میں اپنے تمام پانچ میچوں میں جیت درج کرنے کے بعد15 پوائنٹ کے ساتھ پول اے میں پہلے مقام پر ہے ۔دنیا میں پانچویں نمبرکی ہندوستانی ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں انڈونیشیا کو 17-0 سے شکست دی تھی، دوسرے میچ میں ہندوستان نے ہانگ کانگ کو26-0 سے شکست، تیسرے میچ میں جاپان کو8-0، چوتھے میچ میںکوریا کو5- 3 اورپانچویں میچ میں سری لنکا کو20-0 سے شکست دی تھی۔ ہندوستان نے اب تک پانچ میچوں میں جملہ76 گول کئے ہیں اور اس کیخلاف صرف تین گول ہوئے ہیں۔ ملائیشیا کے خلاف گزشتہ چند مقابلوں میں ہندوستان کو شکست ملی ہے لیکن ایشیائی کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے درمیان جملہ 10 مقابلوں میں ہندوستان کو صرف ایک بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔سال2010 گوانگ زوایشیائی کھیلوں کے سیمی فائنل مقابلے میں شکست کو ہندوستانی کوچ ہریندر سنگھ ابھی تک فراموش نہیں کرسکے ہیں۔ اس شکست کے بعد ہریندر سنگھ نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔سال2014 کے انچیون ایشیائی کھیلوں میں ہاکی میں گولڈمیڈل جیتنے والی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی اس بار بھی ٹیم میں ہیں۔ ان میں تجربہ کار سردار سنگھ، کپتان اورگول کیپر پی آر شریجیش، دفاع روپندر پال سنگھ اور بیریندر لاکڑا، مڈفیلڈر من پریت سنگھ اور چنگلین سانا، فارورڈ ایس وی سنیل اور آکاشدیپ سنگھ شامل ہیں۔دوسری طرف ملائیشیا ٹیم میں 38 سالہ تجربہ کار گول کیپر سبرامنیم کمار پانچویں مرتبہ ایشیائی کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا سامنا جاپان سے ہوگا۔