ہندوستانی ہاکی ٹیم میں 6 نئے چہرے شامل

نئی دہلی ۔ 28 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )من پریت سنگھ کی زیرقیادت بلجیم اور نیدرلینڈ کے دورے کیلئے معلنہ ہندوستانی ہاکی ٹیم میں چھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے ۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کا دورۂ یوروپ 9 اگسٹ کو بلجیم کے خلاف بوم میں کھیلے جانے والے مقابلے سے ہوگا ۔ معلنہ ٹیم میں جہاں من پریت سنگھ کو قیادت سونپی گئی ہے وہیں چنگلین سنا سنگھ کو ان کا نائب بنایا گیا ہے ، لیکن ورلڈ لیگ سیمی فائنل میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے چند کھلاڑیوں کو آرام دیا گیا ہے ۔ جن نئے چہروں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ان میں گول کیپر سورج کارکیرا ووہ بھی شامل ہیں، جوکہ عین وقت زخمی ہونے کی وجہ سے رواں برس اذلان شاہ کپ میں ٹیم کی نمائندگی نہیں کرپائے تھے ۔ چند اہم کھلاڑیوں میں جونیئر ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرے کرنے والے نوجوان کھلاڑی ورون کمار ، دیپ سن ترکے ، نیلاکنٹھا شرما ، گرجن سنگھ اور ارمان قریشی بھی شامل ہیں۔ باصلاحیت ڈیفنڈر اور ڈراگ فلیکر ماہر امیت روہی داس کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ، جنھوں نے 2017 ء ایچ آئی ایل کے فاتح کلینگا لانسر کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ٹیم کے کوچ نے کہا ہے کہ ہم مسلسل چند نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو آزماتے رہیں گے تاکہ انھیں نہ صرف بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل ہو بلکہ اولمپک کیلئے ہم اپنی ٹیم کو طاقتور بھی بنائیں گے ۔ واضح رہے دورۂ یوروپ سے قبل ہندوستانی ٹیم 5 اگسٹ تک قومی کیمپ میں شرکت کرے گی ۔