ہندوستانی ہاکی ٹیم سخت چیلنج کے لئے تیار: سردار سنگھ

نئی دہلی۔ 8؍جنوری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ کی سرفہرست پانچ ٹیموں میں مقام حاصل کرنے کا عزم رکھنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ نے آج کہا کہ ٹیم نوجوان اور ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہونے کے باوجود سخت چیلنج کے لئے تیار ہے۔ آج یہاں ہیرو ہاکی ورلڈ لیگ کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے ضمن میں میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے سردار سنگھ نے کہا کہ ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور وہ ہنوز سیکھ رہی ہے۔ علاوہ ازیں ہم ٹورنمنٹ کے لئے بہتر تیاری کرچکے ہیں، تاہم ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ ٹورنمنٹ میں ہمارے لئے سخت چیالنجس موجود ہیں، لیکن اُمید ہے کہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے بہتر نتائج فراہم کریں گے

اور اُمید ہے کہ ٹورنمنٹ میں چوتھا یا پانچواں مقام حاصل کرلیں گے، لیکن اس کے لئے سخت محنت اور بہتر کارکردگی ناگزیر ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں شرکت کرنے والی 8 ٹیمیں اس اُمید کے تحت میدان میں اُتریں گی کہ یہ ٹورنمنٹ ماہ مئی میں منعقد شدنی ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کی تیاری کا بہترین موقع ہوگا۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان سردار سنگھ نے مزید کہا کہ گزشتہ سیزن ہم نے بہتر مظاہرے کئے ہیں اور اُمید ہے کہ رواں برس کو بھی یادگار بنانے کے لئے اس سے بہتر موقع ہمیں نہیں مل سکتا، کیونکہ اس ٹورنمنٹ میں 8 بہترین ٹیمیں خطاب کے لئے موجود ہیں۔ ہندوستان کے علاوہ دنیا کی 7 بہترین ٹیمیں 10 جنوری کو یہاں میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹورنمنٹ میں خطاب کے حصول کے لئے پُرعزم ہیں۔