ہندوستانی کھلاڑیوں کی ٹسٹ میچ فیس میں دوگنااضافہ

ممبئی ، 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ٹسٹ کرکٹ کی مقبولیت کو برقرار رکھنے کی غرض سے کھلاڑیوں کی ٹسٹ میچ فیس میں دوگنا اضافہ کردیا ہے۔ کرکٹ ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی کھلاڑیوں کو اس وقت ٹسٹ میچ کی فیس کے طور پر 7 لاکھ روپئے (10 ہزار 500 امریکی ڈالر) ادا کئے جاتے ہیں۔ بی سی سی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھا کر 15 لاکھ روپئے (22ہزار 500 امریکی ڈالر) کی جائے جبکہ ریزرو کھلاڑی کی فیس بھی دوگنا بڑھا کرفی میچ 7 لاکھ روپئے کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھا کر نے میڈیا کے ایک گوشہ کو انٹرویو میں کہا کہ ’’ہم نے میچ فیس دوگنا کردی ہے کیونکہ ہم سجھتے ہیں کہ ٹسٹ کرکٹ کو ترجیح دی جائے‘‘۔ انھوں نے کہا: ’’ہم نئی نسل میں ٹسٹ کرکٹ کو مقبول اور منافع بخش بنانے کے موضوع پر بحث کر چکے ہیں، اگر ہمیں ٹسٹ میں کھلاڑیوں کی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے تو ہمیں ٹسٹ کھلاڑیوں کی تنخواہوں کی بہتری کو یقینی بنانا ہوگا‘‘۔ بی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ ’’ہم نئے کھلاڑیوں میں بہترین مالی فائدہ دینے والی ٹی ٹوئنٹی لیگ کی طرف بھرپور توجہ سے منہ نہیں موڑ سکتے‘‘۔ ٹسٹ کرکٹرز کی میچ فیس دوگنا کرنے کا فیصلہ بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ میں کیا گیا۔ دوسری جانب سپریم کورٹ نے لودھا کمیشن کی سفارشارت پر عمل نہ ہونے پر بی سی سی آئی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا سپریم کورٹ کھلاڑیوں کی فیس میں اضافے کے اس فیصلے کو معطل کرتا ہے یا عمل درآمد کی اجازت دیتا ہے۔