راہول ڈراویڈ آئندہ کوچ کیلئے مضبوط امیدوار
نئی دہلی 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم ایسا لگتا ہے کہ داخلی انتشار کا شکار ہوچکی ہے کیونکہ ہندوستانی ٹیم کے کوچ انیل کمبلے اور کپتان ویراٹ کوہلی کے درمیان اختلافات سامنے آرہے ہیں اور دوسری جانب بی سی سی آئی مذکورہ ٹورنمنٹ کے بعد کوچ کمبلے کی معیادمیں ازخود توسیع کا خواہاں نہیں ہے۔بی سی سی آئی کے ذرائع نے کہا ہے کہ کوچ کمبلے اور کپتان کوہلی کے درمیان کھلاڑیوں کے انتخاب اور مقابلے کے لئے بنائی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں اختلافات ہورہے ہیں اور ساتھ ہی ٹیم کے کئی سنئیر کھلاڑی کوہلی کی حمایت میں آگے ہیں۔ذرائع کے بموجب کوچ کمبلے اور کپتان کوہلی میں اختلافات مہمان آسٹریلیا کے خلاف منعقدہ چوتھے ٹسٹ جس میں کوہلی زخمی ہوکر ٹیم سے باہر ہوئے تھے تب سے ہی ہورہے ہیں کیونکہ اس موقع پر جب کوہلی کے مقام پر کوچ کمبلے نے ٹیم میں چائنا بول اسپنر کلدیپ یادو کو شامل کیا تھا جس پر کوہلی حیران رہے۔بی سی سی آئی کے ذرائع نے مزید کہا ہے کہ بورڈ میں ایک گوشہ کمبلے کے عہدہ کی معیادمیں اضافہ کا حمایتی ہے جبکہ بورڈ کے کئی عہدیدار کوچ سے اسلئے ناراض ہیں کیونکہ کمبلے معاملات میں بورڈ کی بجائے لودھا کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ عہدیداروں سے راست رابطہ کررہے ہیں۔دوسری جانب کپتان جوکہ کمبلے کے طرز انداز سے بھی خوش نہیں ہیں کیونکہ کمبلے اپنے امور کو خود اپنے انداز میں انجام دیتے ہیں جبکہ حالیہ دنوں میں کوہلی ٹسٹ کے بعد اب ونڈے اور ٹوئنٹی20 ٹیم کے کپتان بھی بن چکے ہیں لہذا وہ ٹیم کے امور میں اپنا مکمل رول کے خواہاں ہیں۔علاوہ ازیں کوہلی کا جھکاؤ ٹیم کے سابق منیجر روی شاستری کی جانب بھی ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ شاستری کو کمبلے کا جانشین مقررکیا جائے۔بی سی سی آئی کے ذرائع نے کہا ہے کہ بورڈ نے کمبلے کی چیمپئنزٹرافی کے بعد جب کوچنگ کی معیاد ختم ہوجائے گی تو آئندہ ان کی معیاد میں ازخود توسیع نہ کرتے ہوئے باضابطہ درخواستیں طلب کرتے ہوئے آئندہ کوچ کا انتخاب کرنے لئے نہ صرف کوچ کے عہدہ کے لئے باضابطہ درخواستیں طلب کی ہیں بلکہ روی شاستری اور سابق اوپنر ویریندرسہواگ سے راست رابطہ کیا تاکہ انہیں کوچ کے عہدہ پر فائز کیا جاسکتے لیکن شاستری اور سہواگ نے بورڈ کی پیشکش کومسترد کردیا ہے۔کہا جارہا کہ آئندہ کوچ کے لئے ہندوستانی سابق کپتان راہول ڈراویڈ سب سے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ بیرونی امیدوار میں آسٹریلیائی سابق آل راؤنڈر ٹام موڈی کا نام بھی سرفہرست ہے۔امید کی جارہی ہے کہ سچن تنڈولکر ‘سوروگنگولی اور وی وی ایس لکشمن پر مشتمل اڈوائزیری کمیٹی کوچ کمبلے اور کپتان کوہلی کے اختلافات ختم کرنے میں اپنا رول ادا کرے گی تاکہ انگلینڈ میں ٹیم کے کوچنگ عملہ اور کھلاڑیوں کے درمیان تلخیاں ختم ہوکر تمام افراد کی توجہ چیمپئنز ٹرافی کے خطاب کے دفاع پر مرکوز ہو۔