چینائی 7 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) تنقیدوں کا شکار ہندوستانی کرکٹ کوچ ڈنکن فلیچر کے مستقبل کا فیصلہ ٹیم ڈائرکٹر روی شاستری کی دورہ انگلینڈ کے تعلق سے رپورٹ کی بنیاد پر کیا جائیگا ۔ کرکٹ بورڈ نے یہ بات بتائی ۔ فلیچر کو 2011 میں ٹیم کا کوچ مقر کیا گیا تھا ۔ ان پر کئی گوشوں سے تنقیدیں ہو رہی ہیں کیونکہ ان کی نگرانی میں ٹیم انڈیا کو انگلینڈ کے دورہ میں ٹسٹ سیریز میں 3 – 1 سے شکست ہوئی تھی ۔ یہ اشارے مل رہے تھے کہ ڈنکن فلیچر کو ان کی ذمہ داریوں سے سبکدوش کردیا جائیگا حالانکہ ان کا کنٹراکٹ آئندہ سال ورلڈ کپ کے ختم تک کیلئے ہے ۔ بی سی سی آئی کے غیر رسمی اجلاس میں شریک ایک عہدیدار نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے فلیچر کے مستقبل کے تعلق سے کوئی بھی فیصلہ روی شاستری کی رپورٹ ملنے کے بعد ہی کیا جائیگا ۔